سڑک پر گرے ہزاروں روپئے واپس کرکے دو نوجوانوں نے قائم کی ایمانداری کی انوکھی مثال
12:20PM Sat 9 Apr, 2016
اعظم گڑھ ۔ پیسوں کی خاطر جرم کے واقعات کی خبریں تو آئے دن اخباروں میں شائع ہوتی رہتی ہیں لیکن اعظم گڑھ کے دو لوگوں نے بیچ سڑک پر پڑے ہزاروں روپیوں کو اسکے مالک کے حوالے کرکے آج کے سماج میں ایک انوکھی مثال قائم کی ہے۔ ضلع کے مبارکپور علاقے میں یہ واقعہ کل پیش آیا ۔ امیلو کے سابق پردھان رضوان احمد یونین بنک کی شاخ سے ایک لاکھ روپے نکال کر موٹرسائیکل کے ذریعے گھر جارہے تھے ۔ راستے میں بائیک کی ڈگی کھل گئی اور پچا س پچاس ہزار کی دو گڈیاں سڑک پر گر گیئں۔
اس دوران وہاں سے گزرنے والے امیلو نشین ستیندر دوبے کی نظر ایک گڈی پر پڑی جبکہ دوسری گڈی اسی گاؤں کے صائم جمال کے ہاتھ لگی۔ روپے ملنے کے بعد دونوں نے کچھ لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جب پتہ نہیں چلا تو دونوں نے مسجد کے لاؤڈاسپیکر سے اعلان کروایا ۔
ادھر روپے کھوجانے سے پریشان رضوان اعلان سن کر دونوں کے گھر پہنچے اور تصدیق کے لئے انہیں بنک لے گئے جہاں تصدیق کے بعد دونوں نے روپے رضوان کے حوالے کردیئے۔ سابق پردھان نے دونوں کو انعام کی پیشکش کی لیکن دونوں نے ہی انعام لینے سے انکار کردیا ۔ ضلع میں ان دونوں نوجوانوں کی ایمانداری کی مثال دی جارہی ہے۔