سول سروس کے امتحان میں عمر کی حد سے متعلق پینل کی رپورٹ یو پی ایس سی میں زیر غور

01:46PM Fri 18 Nov, 2016

نئی دہلی، (ایف او یس) حکومت نے آج بتایا کہ سول سروس کے امتحان کے پیٹرن اور عمر کی حد میں تبدیلی کی تجویز دینے والی باسوان کمیٹی کی رپورٹ یونین پبلک سروس کمیشن(یو پی ایس سی) کے سامنے زیر غور ہے۔باسوان کمیٹی نے یو پی ایس سی کو اپنی رپورٹ 9 ؍اگست 2016کو سونپی تھی۔مرکزی وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے آج راجیہ سبھا کو ایک تحریری جواب میں بتایاکہ باسوان کمیٹی نے سول سروس امتحان کے پیٹرن اور عمر کی حد میں تبدیلی کی سفارش کی ہے، یو پی ایس سی فی الحال ان سفارشات پر غور کر رہا ہے، باسوان کمیٹی کی رپورٹ پر یو پی ایس سی کی سفارشات ابھی ملنی باقی ہیں۔سول سروس امتحان کی اسکیم کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ سال اگست میں یو پی ایس سی نے فروغ انسانی وسائل کے سابق سکریٹری اور ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر بی ایس باسوان کی صدارت میں ایک کمیٹی قائم کی تھی۔سمجھا جاتا ہے کہ کمیٹی نے سول سروس امتحان میں بیٹھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد گھٹا کر 32سال کرنے کی سفارش کی ہے۔یوپی ایس سی کے ذریعہ تین مراحل میں لئے جانے والے سالانہ سول سروس امتحان میں ہر سال لاکھوں امیدوار بیٹھتے ہیں۔