محکمہ پولیس بھرتی میں بدعنوانیوں کا الزام،اسمبلی ہنگامہ کا سبب

04:06PM Wed 11 Feb, 2015

بھٹکلیس نیوز/11 فر وری ،15 بنگلورو(ایجنسی)محکمہ پولیس کی مخلوعہ اسامیوں کی بھرتی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا معاملہ کل اسمبلی میں اٹھائے جانے پر حکمران کانگریس اور بی جے پی اراکین کے درمیان زور دار لفظی جھڑپ ہوئی۔ گورنر کے خطبہ کی تحریک تشکر پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی کے گووند کارجول نے کہاکہ ریاست میں انتظامیہ کا نظام پوری طرح ٹوٹ چکا ہے۔ پولیس محکمہ کی بھرتیوں میں کھلے عام کرپشن ہوا ہے، سب انسپکٹروں کی بھرتی کیلئے ہر امیدوار کی طرف سے 15 لاکھ روپے بطور رشوت لئے گئے ہیں۔رشوت کی یہ رقم تین مرحلوں میں تقسیم ہوئی ہے۔ کارجول کے ان سنگین الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وزیر داخلہ کے جے جارج نے کہاکہ کارجول کے الزامات آئی جی پی اور ایس پی کے خلاف ہیں۔ پھر یہ اگر ان الزامات کی تائید میں کارجول کے پاس ثبوت ہیں پیش کریں ۔ حکومت ان کی جانچ کرانے کیلئے تیار ہے۔ کارجول نے جب الزامات لگانے کا سلسلہ جاری رکھا تو سی ٹی روی اور بسوراج بومئی ان کی حمایت میں کھڑے ہوگئے۔ جبکہ وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن شرن پرکاش پاٹل اور وزیر برائے اعلیٰ تعلیمات آر وی دیش پانڈے نے مسٹر جارج کی پرزور حمایت کی۔ مسٹر جارج نے کہا کہ مرکز میں مودی حکومت کے قیام کو دس ماہ کا عرصہ گزر چکا مگر ملک کی ترقی کیلئے اس حکومت نے کچھ نہیں کیا، جس کی سزا دہلی کے عوام کو مودی حکومت کو دے دی ہے۔ ع،ح،خ