بھٹکل ڈی ایس پی کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور سوشیل میڈیا پر غلط خبروں کے پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی دھمکی

02:23PM Fri 10 Apr, 2020

بھٹکل: 10 اپریل، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی گوتم کے سی نے آج ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹکل میں چند روز سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کو سڑکوں پر گھومتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔ جس کے باعث اب تک کئی گاڑیاں ضبط کی گئیں ہیں اور کئی افراد کا لائسنس بھی منسوخ کیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے بقیہ دنوں میں عوام اپنے گھر میں ہی رہیں اور گھروں کے باہر گلیوں اور محلوں میں آوارہ گردی کرتے ہوئے پولس کو کارروائی کرنے پر مجبور نہ کریں۔ مسٹر گوتم نے سوشیل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں اور مذہب کی توہین میں ایک دوسرے کو نفرت آمیز پیغامات بھیجنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سوشیل میڈیا پر سرگرم رہنے والے خصوصا وہاٹس ایپ کے ایڈمن کو خبردار کیا ہے کہ ایسی جھوٹی اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والی خبروں کے ارسال پر بھیجنے والے کے ساتھ ساتھ انہیں بھی نہیں بخشا جائے گا۔