جارکی ہولی کی ہوا نکالنے کمار سوامی کا ماسٹر اسٹروک بیلگاوی کو تقسیم کرکے چکوڈی کو ضلع بنانے پر غور
03:58PM Fri 14 Sep, 2018
بنگلورو۔14ستمبر( سالار نیوز) بیلگاوی ضلع میں جارکی ہولی کے غبارہ کی ہوا نکالنے کیلئے کما رسوامی نے نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔ انتہائی دانائی کے ساتھ جارکی ہولی کااثر و رسوخ ختم کرنے کا پلان بنایا ہے ۔ تاکہ مخلوط حکومت کی حفاظت ہوسکے اور پانسا لہ میعاد مکمل کرسکے ۔ وزیر اعلیٰ کمار سوامی حکمت عملی کے تحت بیلگاوی ضلع کی تقسیم کی تجویز پر عمل کرنے آمادہ ہوگئے ہیں۔ بیلگاوی ضلع کو تقسیم کرنے کامطالبہ کررہی جہد کار تحریک اچانک پھر ایک مرتبہ متحرک ہوگئی ہے ۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ تحریک پھر کیوں فعال ہوگئی ؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ کمار سوامی در پردہ بالکل خاموشی سے حکمت عملی طے کررہے ہیں کہ ضلع کی تقسیم کے مطالبہ کو ہوا دی جائے ۔ وزیراعلیٰ کمار سوامی بروز ہفتہ بیلگاوی کے دورہ پر جارہے ہیں ۔ اس موقع پر تقسیم کا مطالبہ زور پکڑ نے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ اس دن سنگیاگول کی زیر قیادت جہد کار بھوک ہڑتال کریں گے۔ معلوم رہے کہ 1997ء میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ جی ایچ پٹیل چکوڈی کو ضلع بنانے کے لئے گزٹ میں اعلان کیا تھا ۔ لیکن اس وقت ضلع کے چند سیاستدانوں نے رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں ۔ اب اس معاملہ کو کمار سوامی ہوا دیتے ہوئے مخلوط حکومت کی حفاظت کا نام لے رہے ہیں ۔ کمار سوامی بیلگاوی میں شامل چکوڈی اور گوکاک کو ضلع کے طور پر اعلان کرنے پر غور و فکر کررہے ہیں۔