کے ڈی پی کی سہ ماہی میٹنگ میں رکن اسمبلی کی طرف سے سرکاری افسران کوسخت ہدایات
04:02PM Mon 24 Jun, 2013
کے ڈی پی کی سہ ماہی میٹنگ میں رکن اسمبلی کی طرف سے سرکاری افسران کوسخت ہدایات
پانی کے سلسلہ میں گھوٹالہ ہونے کا شبہ
بھٹکلیس نیوز / 24 جون،13
بھٹکل/ کے ڈی پی کی سہ ماہی میٹنگ میں رکن اسمبلی بھٹکل مسٹر منکال ویدیا نے سرکاری افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے ۔ بھٹکل میں پانی کے سلسلہ میں بات کرتے ہوئے مسٹر منکال ویدیا نے کہا کہ پانی کے لئے ابھی تک پانچ کروڑ روپئے خرچ کرنے کی رپوٹ دی گئی ہے ۔ لیکن اگر اس سلسلہ میں جائزہ لیا جائے تو ایسا لگتا ہے کہ پانی کے لئے خرچ ہوئے پیسوں کو ضائع کر دیا گیا ہے ۔ ہمیں پچھلے پانچ سالوں میں اتنی بڑی رقم کا کہیں اثر نہیں دکھائی پڑ رہا ہے ۔ موصوف نے اس موقع پر پسماندہ طبقات کے لئے دی گئی سہولیات کو صحیح جگہ نہ پہنچانے کی شکایت کی اور افسران پر برس پڑے ۔ سرکاری اسپتال کے ذمہ دار افسران کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر ویدیا نے کہا کہ عوام کی طرف سے شکایات مل رہی ہیں کہ یہاں آپریشن اور دیگر علاج کے لئے غریبوں کے پاس پیسے لئے جاتے ہیں ، اگر پھر یہ شکایت موصول ہوئی تو خاطی افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ رکن اسمبلی نے اس موقع پر تعلیمی افسران کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے سلسلہ میں ذرا سی بھی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ، طلبہ کو یونیفارم اور دیگر ضروری چیزیں وقت پر ملنی چاہئے اور طلبہ کی تعلیمی صلاحیت پر بھی نظر رکھی جانی چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اساتذہ صحیح نہ ہوں تو اس سلسلہ میں بھی اقدامات کرکے انکو تبدیل کیا جائے ۔ فاریسٹ محکمہ کےبارے میں بات کرتے ہوئے موصوف نے کہا کہ جنگل کے سلسلہ میں جانکاری دینے اور دیگر کام کے لئے محکمہ میں عملہ کو زیادہ کیا گیا ہے لیکن اس سلسلہ میں جو بھی کام ہورہا ہے وہ تسلّی بخش نہیں ہے ۔ موصوف نے اتی گرم جگہ کے سلسلہ میں محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس رہائشی کاغذات ہیں تو ان کو اس جگہ سے ہٹانے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ مسٹر منکال ویدیا نے راشن کارڈ کے سلسلہ میں بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راشن کارڈ کا کام بہت ہی آہستہ چل رہا ہے اگر اس سلسلہ میں بجلی کا مسئلہ ہے تو متعلقہ جگہ پر جنریٹر کا انتظام کرکے عوام کا کام جلدی کرنے کی کوشش کی جائے ۔ اس موقع پر تعلقہ پنچایت کے صدر شانتی سکرمنے ، نائب صدر مدھوکر سبھومنے ، جنپا موئیلی ، تعلقہ پنچایت صدر البرٹ ڈکوسٹا ، جئے شری موگیر ، کے ڈی پی صدر شری پاد کامت وغیرہ موجود تھے ۔