پروفیسر سعید احمد مجددی،مسلم ہاسٹل ،ومدینہ بلڈنگ،گلبرگہ کے ایڈمنسٹریٹر مقرر
02:38PM Thu 15 Dec, 2016
گلبرگہ / دسمبر(بھٹکلیس نیوز): پروفیسرسعید احمد مجددی ،پرنسپل گریڈ ۔ون (موظف) ،گورنمینٹ ڈگری کالج آف آرٹس اینڈ سائینس،کامرس منیجمینٹ، پوسٹ گریجویٹ اینڈ ریسرچ سنٹر،سیڑم روڈ ،گلبرگہ کو حکومت کرناٹک اور چیف ایکزیکیوٹیو آفیسر اسٹیٹ بورڈ آف اوقاف،بنگلور نے مسلم ہاسٹل و مدینہ بلڈنگ مین روڈ ،گلبرگہ کاایڈمنسٹریٹر مقررکیا ہے۔پروفیسر مجددی نے یکم دسمبر 2016کو اپنی خدمات کا جائزہ لے لیا ہے۔ خدمات کا جائیزہ لینے کے فوری بعد انھوں نے رکن اسمبلی گلبرگہ ،سابق وزیر اوقاف ومیونسپل ایڈمنسٹریشن الحاج ڈاکٹر قمر الاسلام صاحب سے شخصی طورپر ملاقات کی ۔
پروفیسر سعید احمد مجددی نے گورنمینٹ ڈگری کالج گلبرگہ سے گریجویشن،پھرکرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ سے پوسٹ گریجویشن کیا ۔آپ کا تقرر اسی کالج میں بحیثیت لکچرر ہوا جہاں سے آپ نے گریجویشن کیا تھا۔ انھوں نے 15نومبر 1981 کو لیکچرر کی حیثیت سے اپنی خدمات کا جائیزہ لیا۔پھر انھیں 17نومبر 1997کوپرنسپل ضلع تربیتی سنٹر و و ایکسٹینشن ٹریننگ سنٹر ،گلبرگہ ڈویژن گلبرگہ مقرر کیا گیا۔ یہاں انھوں نے گلبرگہ ڈویژن کے سرکاری ملازمین کو کرناٹک سیو ل سروس رولس،کرناٹک فائینانشئیل کوڈ،کنڈکٹ رول اور انکم ٹیکس حسابات کی تربیت دی۔ علاوہ اس کے ملازمین کو دفتری کام کرنے کا طریقہ، ڈرافٹس تیار کرنا،مراسلوں کاجواب دینا، مختلف خطوط و مراسلوں کی فائیلنگ، وغیرہ کی بھی تربیت دی۔ اضلاع گلبرگہ ، رائچور، بیدر و بلاری کے سرکاری ملازمین آپ کی تربیت سے فیض یاب ہوتے رہے۔ پروفیسر سعید احمد مجددی نے ہر سال اپنے دائیرہ کار میں زیادہ سے زیادہ سرکاری ملازمین کو تربیت دیکرساری ریاست میں اپنی بہترین کارکردگیکا لوہا منوایا۔ دس برسوں تک یعنی 1997 سے 2006 تک وہ سرکاری ملازمین کی تربیت کی اہم ذمہ داری بحسن و خوبی نبھاتے رہے۔ پھر حکومت کرناٹک نے ان کی بہترین اور سخت انتظامی صلاحیتوں کے پیش نظر 2000میں ضلع وقف ایڈوائیزری کمیٹی کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا ۔ یہاں انھوں نے اپنی صاف و شفاف اور عمدہ کارکردگی کے سبب خوب نیک نامی حاصل کی ۔ وہ وقف جائیدادوں کے ہر معاملہ میں نہایت نیک نیتی کے ساتھ تہہ تک جاکر حل نکالتے ۔ اس طرح ضلع گلبرگہ میں انھوں نے اپنی عمدہ اور اور صاف و شفاف کارکردگی سے ضلعی وقف بورڈ کومسلمانوں کے لئے اک کار آمد ادارہ بنادیا۔ ان کے دور اقتدار میں غریب طلبا و طالبات کو وقف بورڈسے اسکالر شپ بھی دلوائی گئی۔ پروفیسر سعید احمد مجددی کی حق پسندی ،ایمان داری، دیانت داری ،ملنساری اور خلوص و پیار و محبت کے سبب عوام الناس میں وہ آج بھی زبردست مقبولیت رکھتے ہیں ۔ در اصل اللہ تعالی ٰ کے پسند یدہ بندے ایسے ہی ہوا کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ایسے شریف النفس بندوں سے جو کام لینا چاہتاہے لیتا رہتا ہے۔ پروفیسر سعید احمد مجددی 2006سے 2009تک بسواکلیان گورنمینٹ ڈگری کالج کے پرنسپل گریڈ ون رہے۔ بعدازاں 2009سے 2011تک گورنمینٹ ڈگری کالج ،فرحت آباد ،گلبرگہ کے پرنسپل گریڈ ون رہے ۔ پھرآخرمیں وہ 2011سے 2014 تک گورنمینٹ ڈگری کالج ،گلبرگہ کے پرنسپل کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ پروفیسر سعید احمد مجددی کا سلسلہ نسب عالمی شہرت یافتہ بزرگ حضرت شیخ احمد فاروقی مجدد الف ثانیؒ سے ملتا ہے۔ حضرت مجدد الف ثانی کا مزار مبارک ہندوستان کی ریاست پنجاب کے ضلع پٹیالہ کے سر ہندشریف میں ہے۔ مجدد اس بزرگ کو کہا جاتا ہے جو ہر ہزار سال میں ایک پیداہوتا ہے اور دین اسلام کی تعلیمات سے عوام الناس کے دلوں کو منور کرنے کی تجدید کرتا ہے۔ یعنی وہ از سر نو قرآن مجید کی روشنی میں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات اور آپ کے بتائے ہوئے اصولوں سے لوگوں کو واقف کرواتا ہے۔