ٹرین کا چارٹ تیار ہونے کے بعد بھی موبائل سے اس طرح بک کریں کنفرم ٹکٹ

04:15PM Sat 28 Jul, 2018

اگر آپ کو ایمرجنسی میں کہیں کا سفر کرنا ہے اور آپ کے پاس ٹرین کا ریزرویشن ٹکٹ نہیں ہے ، تو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستانی ریلوے نے حال ہی میں ایک خاص سہولت شروع کی ہے۔ اس نئی سہولت کے تحت آپ گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل فون سے کنفرم ٹکٹ کی بکنگ کرسکیں گے۔ آپ چارٹ بننے کے بعد بھی یہ ٹکٹ بک کرسکیں گے ۔ اس نئی سہولت کا نام کرنٹ بکنگ فیسلیٹی ہے۔ چارٹ بننے کے بعد کرنٹ بکنگ کیلئے ابھی تک آپ کو ریلوے اسٹیشن کے کاونٹر پر جانا پڑتا تھا ، لیکن اب آپ یہ کام اپنے موبائل فون سے بھی کرپائیں گے۔ چارٹ تیار ہونے کے بعد جن ٹرینوں میں سیٹیں خالی رہ جاتی ہیں ، انہیں کرنٹ بکنگ فیسلیٹی کے ذریعہ آپ بک کرسکتے ہیں۔ ان ٹکٹوں کو آپ آئی آر سی ٹی سی ریل کنیکٹ ایپ اور آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ کے ذریعہ بک کرسکتے ہیں۔ ایپ میں کرنٹ ایویلیبل کا آپشن چارٹ تیار ہونے کے بعد کسی کلاس ( جس کلاس میں آپ سفر کرنا چاہتے ہوں ) پر کلک کرنے پر آتا ہے۔ پانچ جولائی 2018 کو کرنٹ ریزرویشن کی سہولت کے تحت کل 40781 ٹکٹوں کی فروخت ہوئی ۔ ایسے میں یہ ان لوگوں کیلئے ایک اچھا متبادل ہے ، جنہیں ایمرجنسی میں سفر کرنا پڑتا ہے۔ آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ میں ایک نیا فیچر بھی جوڑا گیا ہے، جس میں آپ کھڑکی سے خریدی گئی ریزرویشن ٹکٹ کو موبائل کے ذریعہ رد کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اب آپ موبائل سے ہی جنرل ٹکٹ بھی بک کرسکتے ہیں۔