قومی ترانہ صرف سینما گھروں میں ہی کیوں، پارلیمنٹ میں کیوں نہیں: عمر عبداللہ

03:11PM Fri 2 Dec, 2016

سرینگر۔ سنیما گھروں میں فلم سے پہلے قومی ترانہ بجائے جانے کے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے آج کہا کہ صرف سینما گھروں میں ہی كيوں، پارلیمنٹ، اسمبلیوں اور عدالتوں میں قومی ترانہ کیوں نہیں بجایا جانا چاہئے۔ مسٹر عبداللہ نے ٹویٹ کیا، ’بحث کا مسئلہ یہ نہیں ہے، یقیناً ہم قومی ترانہ کا احترام کرتے ہیں۔سوال یہ ہے کہ صرف سینما گھروں میں ہی کیوں، پارلیمنٹ میں روزانہ کیوں نہیں؟ مسٹر عبداللہ کا یہ ٹویٹ  کانگریس لیڈر منیش تیواری کے ٹویٹس کے جواب میں آیا ہے۔کانگریس لیڈر نے ٹویٹ کیا تھا، ’قومی ترانہ پر سپریم کورٹ کے حکم کی تنقید پر حیران ہوں۔اگر ہندوستانی ہی اپنے قومی ترانہ کے احترام میں نہیں اٹھیں گے تو کیا پاکستانی اٹھیں گے۔‘ مسٹر عبداللہ نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ کیوں صرف سنیماؤں کو حب الوطنی کے سبق کی ضرورت ہے؟ کیوں نہیں انہیں عدالتوں میں روزانہ بجایا جائے۔