جنسی استحصال کے الزامات پر ایم جے اکبر نے توڑی خاموشی ، کہا : سبھی الزامات بے بنیاد ، کروں گا قانونی کارروائی

12:22PM Sun 14 Oct, 2018

جنسی استحصال کے الزامات میں گھرے مرکزی وزیر ایم جے اکبر نے آخر کار اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے اتوار کو میڈیا کے سوالات کا جواب دیا۔ اکبر نے خود پر عائد کئے گئے سارے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے اس طرح کے الزامات لگانا ایجنڈہ ہوسکتا ہے۔ ایم جے اکبر نے کہا کہ وہ می ٹو کے تحت ان پر بے بنیاد الزامات لگانے والی خواتین کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ایم جے اکبر نے کہا کہ ثبوت کے بغیر الزام لگانا وائرل فیور کی طرح بڑھ رہا ہے ، جو بھی معاملہ ہو ، اب میں لوٹ آیا ہوں ، میرے وکیل اس بے بنیاد معاملات کی جانچ کررہے ہیں اور میں اس کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔
 قابل غور ہے کہ ایم جے اکبر پر متعدد خاتون صحافیوں نے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے۔ جس کے بعد ان کے استعفی کا مطالبہ ہو رہا تھا۔ ہندوستان لوٹتے ہی جب صحافیوں نے ان پر لگے الزامات سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے یہ کہہ کر ٹال دیا تھا کہ وہ اس کا جواب بعد میں دیں گے۔