یدی یورپا نے قحط زدہ علاقوں کے دورہ کے لیے ایک کروڑ روپئے کی کار کا استعمال کیا
01:53PM Sat 16 Apr, 2016
بنگلورو۔ کرناٹک کے سابق وزیر اعلی و ریاستی بی جے پی کے صدر یدی یورپا ریاست کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کیلئے ایک کروڑ روپئے کی کار کے استعمال کے سلسلہ میں تنازعہ کا شکار ہوگئے ہیں۔ تاہم انہوں نے آج اس معاملہ کی وضاحت کی ۔ بنگلورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یدی یورپا نے کہا کہ شکر کے تاجر و سیاستداں مرو گنیش نیرانی نے انہیں یہ کار دی ہے تاکہ وہ ریاست کا دورہ کرسکیں ۔ یہ نئی کار نہیں ہے اور ریاست کے ہزاروں کلو میٹر علاقوں کا آرام دہ سفر کرنے کیلئے یہ کار انہیں دی گئی ہے جو نیرانی اس دورہ کے بعد واپس لے لیں گے ۔
ریاست میں شدید خشک سالی کے باوجود اس طرح کی مہنگی کار کے استعمال پر کانگریس نے ان پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔ تاہم یدی یورپا کا کہنا ہے کہ دوسرے اضلاع کے دورہ کے موقع پر وہ خود کی کار استعمال کریں گے ۔ طویل سفر ان کیلئے مشکل ہے ۔ اس لئے سلامتی کے نقطہ نظر سے یہ کار استعمال کی جارہی ہے ۔