مخلوط حکومت کسانوں کی فلاح کیلئے عہد بند ایوان کے مشترکہ اجلاس کے دوران گورنر واجوبھائی کی کاشتکاروں کو یقین دہانی
02:26PM Tue 3 Jul, 2018
بنگلورو:3؍جولائی(سالار) ریاستی گورنر واجوبھائی والا نے آج ریاست کے کسانوں کی فلاح وبہبودی کو اہمیت دیتے ہوئے کہاکہ نئی کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت ہل کو اولین ترجیح دے گی۔ کسانوں کے دکھ درد کے دور کا بہت جلد خاتمہ ہوگا۔ حکومت کی یہ خواہش ہے کہ وہ مظلوم کسانوں کی آواز بنے۔ یہاں ریاستی لیجسلیٹرس کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ میری حکومت پریشان حال اور بکھری ہوئی کسان برداری کو متحد کرنے اور پریشانی دور کرنے انسانی ہمدردی کی بنیادپر ضروری اقدامات کرے گی۔ ریاست میں 12؍مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد 15ویں اسمبلی کا یہ تیسرا سیشن ہے۔ اس مرتبہ معلق اسمبلی کے نتائج ظاہر ہوئے۔ کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی۔ بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری۔ لیکن درکار اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے ایوان میں اکثریت ثابت کرنے میں ناکام رہی۔ 19؍مئی کو طلب کردہ اسمبلی کے پہلے سیشن میں بی ایس ایڈی یورپا کی قیادت والی تین روزہ بی جے پی حکومت نے فلور ٹسٹ دینے سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد دوسرا سیشن 25؍مئی کو طلب کیاگیا تھا جس میں وزیراعلیٰ کمار سوامی نے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ گورنر نے کہاکہ کرناٹک کے کسانوں کی زرعی پیداوار کے لئے اچھی رقم کو یقینی بنانے کے لئے حکومت ایک پائلٹ پراجیکٹ کو شروع کرنے کے لئے بے تاب ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کے مشکل دن بہت جلد ختم ہوجائیں گے۔ میری حکومت اب بے زبان کسانوں کی زبان بن جائے گی۔ انہوں نے کسانوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وجوہات چاہیں جو بھی ہوں وہ خودکشی نہ کریں۔ کسانوں کے حق میں ریاستی گورنر کی اس تقریر سے یہ امید کی جارہی ہے کہ کمار سوامی کی قیادت والی حکومت 5؍جولائی کو اپنے بجٹ میں کسانوں کے قرضوں کی معافی کا اعلان کرے گی۔گورنر نے کہاکہ ان کی حکومت ریاست کے تمام شہریوں کے مفادات کا تحفظ ایک نئے ویژن کے تحت نئے راستے ہموار کرے گی اور سابقہ حکومت کی طرح مؤثر پروگرامس نافذ کرے گی۔ کسان برادری کو کرناٹک کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسانوں کی مدد کے لئے حکومت زرعی شعبہ میں جدید ٹکنالوجی کو اپنائے گی۔ گورنر نے کہاکہ حکومت کسانوں کے طرز زندگی کو بہتر بنانے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے نئی اسکیمیں کو مرتب کرے گی۔ کسانوں کا انحصار صرف مانسون پر نہیں ہونا چاہئے۔ متبادل آب پاشی کے ذرائع کو بھی حکومت یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل وزیراعلیٰ کمار سوامی نے اسرائیل کا دورہ کیاتھا۔ اسرائیل میں جدید زرعی ٹکنالوجی کے استعمال سے کم وقت میں زیادہ پیداوار سے وہ بہت متاثر ہوئے تھے۔ اب اس ٹکنالوجی کو وہ کرناٹک میں بھی استعمال میں لانے کے خواہشمند ہیں۔ گورنر نے اپنے خطاب میں کہاہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ کرناٹک کے کسان زراعت میں اسرائیل کے نمونہ کو اپنائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ سرکاری کارندے کسانوں کی کھیتوں اور باغیچوں کا دورہ کریں اور انہیں رہنمائی فراہم کریں کہ کس موسم میں کونسی کاشت کرنا بہترہے۔ گورنر نے کہاکہ حکومت افزود آب پاشی کے ذرائع پیدا کرے گی۔ فضائی آلودگی سے متعلق گورنر نے کہاکہ ریاست بھرمیں پلاسٹک کی تھیلیوں اور پلاسٹک کی چیزوں کی تیاری، سپلائی، فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کو 2020ء تک بچہ مزدوری سے آزاد کرنے حکومت ضروری اقدامات کرے گی اور چند زمروں کے غیر منظم مزدوروں کو حادثہ راحت اور پراویڈنٹ فنڈ کے فوائد کے لئے حکومت اسکیم کی توسیع کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ کانگریس حکومت نے آروگیہ کرناٹک اسکیم کا آغاز کیاتھا۔ اس اسکیم کو ریاست کے تمام اضلاع میں نافذ کیاجائے گا۔ تعلقہ سطح کی تمام بڑی اسپتالوں کو اس اسکیم کے دائرہ میں لایا جائے گا۔ حکومت ریاست میں ہیلتھ کیر سرویس میں مزید سدھار لانے کی پابند ہے۔بلدی مسائل سے متعلق گورنر نے کہاکہ ٹریفک کنٹرول، پینے کے پانی کی فراہمی اور ہاؤزنگ کی سہولتوں کو یقینی بنانے کے لئے حکومت مناسب اقدامات کرے گی۔