پانی ، غذائی اشیاء اور ماحولیات پرعالمی سیمینار کا انعقاد

01:15PM Tue 2 Aug, 2016

پانی قدرتی نعمت ہے اور اس کو بازاریت سے دور رکھنا چاہئے: سائرہ شاہ حلیم علی گڑھ 02؍اگست: پانی ہماری زندگی کے لئے بے حد ضروری ہے اور پانی کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اسی لئے دنیا بھر میں صرف ندیوں کے کنارے ہی مختلف تہذیبیں پیدا ہوئیں جس کی سب سے بڑی مثال ہندوستان میں سندھ اور گنگا ندی کی تہذیبیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ ( ریٹائرڈ) کی دختر اور کولکاتا کی معروف سماجی کارکن محترمہ سائرہ شاہ حلیم نے سنگاپور کی یونائیٹیڈ ورلڈ حلال ڈیولپمنٹ کے زیرِ اہتمام نئی دہلی کے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں فوڈ، واٹر اینڈ اینوائرنمنٹ۔ انّو ویشن فار سسٹینیبل گروتھ موضوع پر منعقدہ عالمی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں1951کی مردم شماری کے مطابق فی کس5177کیوبک میٹر پانی دستیاب تھا جو 2011میں کم ہوکر محض1545کیوبک میٹر رہ گیا جو حد درجہ تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی اس کمی کے سبب ملک سوکھے کا شکار ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مہاراشٹر، راجستھان، مدھیہ پردیش، گجرات، ہریانہ، آندھرا پردیش اور تیلنگانہ سوکھے سے متاثر ہیں جس کے نتیجہ میں کسان خود کشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ محترمہ سائرہ شاہ حلیم نے کہا کہ پانی کی قلت کے مسئلہ کے حل کے لئے رین واٹر ہارویسٹنگ اور جنگلات کے فروغ پر کام کرنے کی از حد ضرورت ہے۔ محترمہ سائرہ شاہ حلیم نے کہا کہ اب ہمارا نعرہ صرف’’ پانی بچاؤ زندگی بچاؤ اور دنیا بچاؤ‘‘ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پانی قدرت کی انمول دین ہے اور اس پر سبھی جانداروں کا برابر کا حق ہے جو انہیں کسی حکومت نے نہیں بلکہ اللہ نے خود دیا ہے۔ محترمہ سائرہ شاہ نے کہا کہ پانی کو بازار کی شئے بنائے جانے کا حق کسی کو نہیں ہے اور اسی لئے ہمیں پانی اور پانی کے وسائل کی بازاریت کی سخت مخالفت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دورِ حاضر میں پانی کو بلیو آئل( نیلا تیل) کی حیثیت سے جانا جانے لگا ہے اور مستقبل میں مختلف ممالک کے درمیان پانی کے لئے جنگ کے مکمل امکانات ہیں لہٰذا ہمیں اس صورتِ حال کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر برائے اقلیتی فلاح و بہبود محترمہ نجمہ ہپت اللہ نے محترمہ سائرہ شاہ حلیم کو یادگاری نشان پیش کرکے سرفراز کیا۔ سیمینار میں ممتاز ماہرِ ماحولیات مسٹر عبدالغنی نے ملک میں سبز انقلاب لانے اور یو این ڈبلیو ایچ ڈی سنگا پور کے صدر مسٹرمحمد جناح نے غذائی اشیاء پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔