ریاست میں اگست کے بعد مرحلہ وار شروع ہونگے اسکول۔ ایس ایس ایل سی امتحانات اپنے وقت پر ہی ہونگے: وزیر سریش کمار
03:06PM Tue 9 Jun, 2020
اڈپی: 9 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) "ریاست میں اسکولوں کے ذمہ داران کو سرپرستوں سے بات کرکے اسکول کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں رائے لینے کی گزارش کی گئی ہے۔ ریاست میں اگست کے مہینے کے بعد ہی مرحلہ وار طور پر اسکول کھولیں جائیں گے"۔ یہ جانکاری ریاستی وزیر تعلیم سریش کمار نے دی وہ آج یہاں اڈپی میں منعقد اخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسکول بچوں کی فیس لے رہا ہے تو وہ رقم اساتذہ کے مشاہرہ کے لیے استعمال کی جائے گی۔ کوئی اسکول سرپرستوں کو اسکول سے ہی یونیفارم اور کتابیں خریدنے کے لیے زبردستی نہیں کرے گا۔
انہوں نے اس موقع پر ایس ایس ایل سی امتحانات کے انعقاد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ اعلان کے مطابق ہی ریاست میں ایس ایس ایل سی امتحانات 25 جون کو شروع ہونگے اور 4 جولائی تک چلیں گے جبکہ پی یو سی دوم کا انگریزی پرچہ بھی اپنی مقررہ تاریخ 18 جون کو ہوگا۔ انہوں نے طلبہ کی سہولت کے لیے اپنے قریبی امتحانی مرکز سے امتحان دینے کی اجازت ہونے کی بھی خبر دی۔
موصوف وزیر نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے امتحانات کو منعقد کرنے کے سلسلہ میں کچھ ہدایات دی گئیں ہیں جس کے تحت ہی ریاست میں امتحانات کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امتحان گاہ میں 24 طلبہ کی جگہ پر اب صرف 18 طلبہ کو ہی بٹھایا جائے گا اور دو ڈیسک کے درمیان 3.5 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا۔ امتحانی مراکز میں تھرمل اسکینر کا موجود ہونا لازمی ہے اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو ماسک اور گلوز کا پہننا بھی ضروری ہے۔
خیال رہے کہ تلنگانہ اور تمل ناڈو میں دسویں جماعت کے امتحانات کو رد کرکے طلبہ کو کامیاب کیے جانے کے بعد سے کرناٹک میں بھی اس سلسلہ میں کافی باتیں چل رہی تھیں۔ ایسے میں ریاستی وزیر تعلیم کی طرف سے اس بیان کے بعد سب کچھ صاف ہوگیا ہے۔