مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب
01:11PM Sun 11 Sep, 2016
ہرسال کی طرح اس سال بھی خانہ کعبہ کا غلاف لاکھوں عازمین کی موجودگی میں پرنور و پروقار تقریب میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ہرسال غلاف کعبہ 9 ذی الحج کو نمازفجرکے بعد تبدیل کیاجاتا ہے۔
مکہ مکرمہ میں آج غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پررو تقریب ہوئی جس میں گورنر مکہ سمیت اعلی ترین سعودی حکام کے علاوہ مسلم ممالک کے سفرا اور خصوصی نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر روح پرور اور رقت انگیز مناظر بھی دیکھے گئے۔
غلاف کعبہ خادم الحرمین شریفین کی جانب سے بطورہدیہ پیش کیا جاتا ہے جس کی تیاری میں 150 کلو خالص سونا چاندی جبکہ 670 کلو ریشم استعمال ہوا ۔ 47 حصوں پر مشتمل غلاف کا ہر حصہ 14 میٹر لمبا اور 95 سینٹی میٹر چوڑا ہے۔
اس مرتبہ غلاف کعبہ میں اللہ اکبر کی 4 قندیلوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ کی تیاری پر 2 کروڑ 20 لاکھ ریال لاگت آئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں غلاف کعبہ کی تیاری کے امور کے لیے علیحدہ محکمہ اورام الجود بندرگاہ پر اس کا ایک خصوصی کارخانہ قائم ہے، جس میں غلاف کعبہ کی جدید ترین تکنیک کے مطابق تیاری کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں ۔
ہر سال یہ کارخانہ بیت اللہ کا ایک نیا غلاف تیار کرتا ہے جسے 9 ذی الحجہ کو پورے تزک واحتشام کے ساتھ خانہ کعبہ کی زینت بنایا جاتا ہے ، تاریخی اعتبار سے بیت اللہ پر سب سے پہلے غلاف حضرت اسماعیل علیہ السلام نے چڑھایا تھا۔