آپ کی بیوی سے آپ کی شادی کے لئے مودی یا میں وجہ نہیں ہوں:اداکارپرکاش راج

02:10PM Sat 15 Jun, 2019

جنوبی ہند کے مشہور اداکار پرکاش راج نے کشمیرمیں اپنے ساتھ پیش آئے ایک تلخ واقعہ کو سوشیل میڈیا کے ذریعہ لوگوں کے سامنے لایا ہے۔ان کی یہ پوسٹ کافی وائرل ہوگئی ہے۔اس پوسٹ میں مودی کے کٹر مخالف سمجھے جانے والے پرکاش راج نے لکھا ہے کہ کشمیر کے گلمرگ میں ہوٹل سے باہر نکلنے کے دوران ایک خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ ان کے پاس پہنچی اور ان کے ساتھ سیلفی کھنچوانے کی خواہش کی جس پر انہوں نے رضامندی کا اظہار کیا تاہم اچانک ہی اس خاتون کا شوہروہاں آگیا جو اپنی بیوی سے بدکلامی کرنے لگا۔ اداکار نے لکھا کہ چونکہ وہ مودی کے اصولوں کے خلاف ہیں، اسی لئے سیاحوں کی بڑی تعداد اس منظر کو دیکھنے کے لئے جمع ہوگئی۔اس خاتون کی آنکھوں میں آنسو تھے۔اداکار نے اس خاتون کے شوہر کو ایک طرف لے جاکر اس سے کہا ”آپ کی بیوی سے آپ کی شادی کے لئے مودی یا میں وجہ نہیں ہوں۔ آپ کی بیوی نے آپ کو اتنی اچھی بیٹی دی ہے اورآپ کی بیوی آپ کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے۔ان کے خیالات کا احترام کیجئے کیونکہ وہ آپ کا احترام کرتے ہیں۔
 چھٹیوں سے لطف اندوز ہویئے۔“اداکار نے لکھا کہ وہ شخص وہیں پر لاجواب ٹہرا رہا جس کے بعد وہ ایک بوجھل دل کے ساتھ وہاں سے چلے آئے۔واضح رہے کہ اداکار فی الحال گلمرگ میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔وہ اپنے اراکین خاندان کو بھی اپنے ساتھ لے گئے تاکہ گرمائی تعطیلات ان کے ساتھ گزاری جاسکیں۔انہوں نے اپنے خاندان کے ساتھ لی گئی بعض تصاویر کو بھی سوشل میڈیا میں پوسٹ کیا ہے۔