کورونا کی دہشت: کرناٹک میں ساتویں، آٹھویں اور نویں کے امتحانات منسوخ؛ دسویں اور پی یو سی کے امتحان کی تاریخ کا 14 اپریل بعد ہوگا اعلان

03:03PM Thu 2 Apr, 2020

بینگلور: 2 اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورونا کی دہشت کے چلتے ریاستی حکومت کی طرف سے آج ایک بہت بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ ساتویں، آٹھویں اور نویں جماعت کے امتحانات اس سال کے لیے منسوخ کیے گئے ہیں جبکہ دسویں جماعت کے سالانہ امتحان کی تاریخ کا اعلان 14 اپریل کے بعد ہی کیا جائے گا۔ پرائمری اور ثانوی درجات کی تعلیمات کے وزیر مسٹر ایس سریش کمار نے آج ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بتائے ہوئے طریقہ پر اگر کوئی طالب علم پورا نہیں اترتا ہے تو اسے چھٹیوں میں ضروری کارروائی کرکے کامیاب کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں اور آٹھویں درجات کے طلبہ کو بغیر کسی پابندی کے آگے بڑھانا لازمی ہوگا جبکہ نویں کلاس کے طلبہ کو سیمیٹیو (ایس اے) اور فورمیٹیو اسسمنٹ (ایف اے) کی کارکردگی کو دیکھ کر آگے بڑھایا جائے گا جس کی تفصیل اسکولوں کو مہیا کی جائے گی۔ مسٹر سریش کمار نے یہ بھی کہا کہ پی یو سی کا آخری امتحان بھی 14 اپریل کے بعد ہی اعلان کیا جائے گا۔