بھٹکل ناگ بنا درخت کے پاس جانوروں کی ہڈیاں ملنے پر بی جے پی لیڈران ناراض ؛ خاطیوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ
04:53AM Mon 21 Oct, 2013
بھٹکل ناگ بنا درخت کے پاس جانوروں کی ہڈیاں ملنے پر بی جے پی لیڈران ناراض ؛ خاطیوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ
بھٹکل کے حالات کو پر امن رکھنے کے لئے اعلیٰ افسران کی بھٹکل آمد
بھٹکلیس نیوز / 21 اکتوبر، 13
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) مین روڈ اولڈ بس اسٹائنڈ کے قریب واقع ناگ بنا مندر میں جانوروں کی ہڈیاں ملنے کی بناء پر بی جے پی لیڈران نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے خاطیوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی مانگ کی ہے ۔ اس موقع پر جمع بی جے پی لیڈران میں سے گوندا نائک ، دنیش نائک اور دیگر نے پولس انتظامیہ پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مندر کی بے حرمتی ہے اور ہندؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی چیز ہے جس کی بناء پر خاطیوں کی جلد گرفتاری ہونی چاہئے ۔
ایس پی ، ایڈیشنل ایس پی کی بھٹکل آمد : بھٹکل میں حالات کو بگڑتا دیکھ کر ضلع اتر کنڑا کے ایس پی مسٹر آر دلیپ اور ایڈیشنل ایس پی مسٹر میگن ناؤر بھٹکل تشریف لائے اور حالات کا جائزہ لیا اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران ، بی جے پی لیڈران اور اخباری نمائندوں سے انہوں نے مختلف بیٹھک کی جس میں ان دونوں نے شہر کے حالات کو پر امن رکھنے پر زور دیا اور کسی بھی واقعہ پر مشتعل ہونے سے روکا ۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داروں نے آسار کیری واقعہ کی تفصیلات سے ایس پی کو آگاہی دیتے ہوئے خاطیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی مانگ کی ۔
ڈپٹی کمشنر کی بھٹکل آمد اور امن میٹنگ کا انعقاد : ضلعی ڈپٹی کمشنر محترمہ امکونگلا جامیر کل عصر کے وقت بھٹکل تشریف لائیں اور بھٹکل سرکیوٹ ہاؤس میں انہوں نے ایک امن میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران ، بی جے پی لیڈران اور ہندو جاگرن ویدیکے کے افراد شریک تھے ۔ اس موقع پر محترمہ امکونگلا جامیر نے کہا کہ بھٹکل کے حالات اب تک جو بھی ہوئے ہیں اس سلسلہ میں پولس انتظامیہ تحقیقات کر رہی ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد سے جلد خاطیوں کو گرفتار کرے گی ۔ محترمہ ڈی سی نے ان واقعات کو طول نہ دینے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل جیسا کہ سننے میں آتا ہے ویسا نہیں ہے مجھ کو یہاں آئے ایک مدت ہو رہی ہے میں نے اس کو جیسا سنا تھا اس کے بالکل مختلف پایا یہاں ہندو مسلم مل کر رہتے ہیں اور آپسی بھائی چارے کو باقی رکھنے کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں ۔
آسار کیری اور ناگ بنا کے واقعات پر ہندو اور مسلم لیڈران میں سے جناب عنایت اللہ شابندری ، جناب الطاف کھروری ، جناب سید ہاشم ایس جے ، مسٹر گوند نائک ، مسٹر کرشنا نائک وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واردات جس نے بھی کی ہو اس سلسلہ میں پولس اہلکاروں کو تحقیق کرنی چاہئے اور خاطیوں کو سزا دینی چاہئے ۔ دونوں فرقوں کے لیڈران نے شہر کا ماحول پر امن بنانے پر زور دیا ۔