امسال ہوئے سرسید مضمون نویسی مقابلہ کے نتائج کا اعلان
09:36AM Sun 8 Oct, 2017
بھٹکلیس نیوز / 08 اکتوبر، 17
علی گڑھ(راست): علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کی 200 /ویں یومِ پیدائش تقریبات کے تحت ماہنامہ "دا علی گڑھ موومینٹ" کے زیرِ اہتمام "جدید ہندوستان کی تعمیر میں سرسید کا کردار" کے موضوع پرمنعقدہ سرسید مضمون نویسی مقابلہ۔2017کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے مدیرِ اعلیٰ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے زیرِ اہتمام ہر سال یومِ سرسید کے موقعہ پر سرسید مضمون نویسی مقابلہ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کا مقصد نئی نسل کو سرسید کی حیات و خدمات سے روشناس کراکراس میں سرسید شناسی کوفروغ دینا ہے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ اس سال سرسید احمد خاں کے/200ویں یومِ پیدائش کے موقعہ پر ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ نے علیشا پبلیکیشنز کے تعاون سے "جدید ہندوستان کی تعمیر میں سرسید کا کردار" موضوع پرمنعقدہ سرسید مضمون نویسی مقابلہ۔2017 کا انعقاد کیا تھا جس میں یونیورسٹیو ں کے علاوہ اسکولوں اور کالجوں کے456 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔پہلے زمرے میں آٹھویں جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ و طالبات کواور دوم زمرے میں گریجویشن کے طلبہ و طالبات سے ریسرچ اسکالرس کو شامل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ مقابلہ کے ججیز کے متفقہ فیصلے کے مطابق اول انعام علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی بی اے سالہ دوم کی سبط صغرہ کواور دوئم انعام اقراء پبلک اسکول کی 11 وی درجہ کی دانیہ شاہد کو دیا گیا ہے جبکہ سوئم انعامات جامعہ پبلک اسکول کی طالبہ لکشمی سنگھ تھاپہ کو دئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ اول انعام کے تحت1500روپیہ اور دوئم و سوئم انعام کے تحت بالترتیب1100روپیہ و800روپیہ کی نقد رقم کے علاوہ ممتاز فلم ساز و سماجی کارکن مسٹر مہیش بھٹ کے دستخط سے جاری اسناد کے ساتھ یادگاری نشانات پیش کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایاکہ سبھی فاتحین کو یہ انعامات14؍اکتوبر2017کو منعقد ہونے والی ایک عظیم الشان تقریب میں پیش کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے فاتحین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ سرسید کی فکر اور ان کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بناکر نہ صرف اپنا مستقبل روشن کریں بلکہ سرسید کے مشن کو آگے بڑھانے میں بھی اپنا خصوصی تعاون پیش کریں یہی سرسید کو ان کا اصل خراجِ عقیدت ہوگا۔