شہزادہ سلمان کی فرانسیسی صدر کے ساتھ بات چیت
11:49AM Mon 27 Jun, 2016
پیرس - سعد المسعودی
سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان پیر کی صبح پیرس میں صدارتی محل ایلیزے پہنچے جہاں فرانسیسی صدر فرنسوا اولاند نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں شخصیات کی ملاقات میں بات چیت کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ اس کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان فرانسیسی وزیراعظم مانوئل والس سے ملاقات کے لیے حکومت کے صدر دفتر روانہ ہوگئے۔
بات چیت کی نوعیت سے متعلق ابھی تک سرکاری بیان جاری نہیں ہوا ہے تاہم "العربیہ" کے نمائندے کے مطابق گفتگو کے دوران شام، عراق اور یمن کے بحرانات کے علاوہ دو طرفہ تعاون کے امور زیر بحث آئے۔
سعودی اور فرانسیسی وفود نے ایلیزے میں شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر اولاند کے زیر صدارت اجلاس میں شرکت کی۔
سعودی نائب ولی عہد کا فرانس کا دورہ دو روز جاری رہے گا۔
شہزادہ محمد بن سلمان اپنے دورے کے دوران فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ متعدد کاروباری شخصیات اور ان فرانسیسی کمپنیوں کے اعلی اہل کاروں سے بھی ملاقاتیں کرِیں گے جو سعودی عرب کی مارکیٹ میں موجود ہیں یا وہاں داخل ہونے پر توجہ دے رہی ہیں۔
فرانس کے اعلی سطح کے سفارتی ذرائع نے عربی روزنامے "الشرق الاوسط" سے گفتگو میں سعودی نائب ولی عہد کے دورے کو سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے انتہائی اہم قرار دیا۔
سعودی شاہی بیورو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کا پیرس کا دورہ فرانسیسی حکومت کی دعوت اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر کیا جارہا ہے۔ دورے میں شہزادہ سلمان مشترکہ دلچسپی کے امور اور موضوعات کے علاوہ دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی صورتوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔