امریکی صدر ٹرمپ نے سی اے اے کو بتایا ہندوستان کا داخلی معاملہ ، مسئلہ کشمیر پر دیا یہ بڑا بیان
03:31PM Tue 25 Feb, 2020
امریکی صدر ڈونالڈ کے ہندوستان کے دورہ کا آج دوسرا دن ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی اور متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس کے بعد انہوں نے ہوٹل میں صحافیوں سے بھی گفتگو کی ، جس دوران انہوں نے شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے ) ، دہلی تشدد اور کشمیر سمیت متعدد امور پر اظہار کیا ہے ۔
شہریت ترمیمی قانون کو لے کر امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر اعظم مودی سے بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی مذہبی آزادی میں یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کو مذہبی آزادی ملے ۔۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ سی اے اے ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے ۔ ہندوستان اس پر صحیح فیصلہ لے گا ۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ کئی ممالک کے موازنہ میں ہندوستان میں زیادہ مذہبی آزادی ہے ۔
سی اے اے کے نام پر دہلی میں تشدد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے اس سلسلہ میں سنا ہے ، لیکن اس بابت وزیر اعظم مودی سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔
کشمیر کے معاملہ پر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ پی ایم مودی اور عمران خان دونوں سے ہی میرے بہت اچھے رشتے ہیں ۔ کشمیر دونوں ممالک کا معاملہ ہے ۔ ضرورت پڑی تو ہم ثالثی کریں گے
امریکی صدر نے کہا کہ دہشت گردی پر روک لگانے کیلئے ہم کام کررہے ہیں ۔ بغدادی کا ہم نے خاتمہ کیا ہے ۔
امریکی صدر نے کہا کہ دہشت گردی پر ہم نے آج طویل بات چیت کی ، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک بڑی پریشانی ہے ۔ اس پر کام کررہے ہیں ، میں نے کہا ہے کہ مدد کیلئے جو بھی بن پڑے گا میں کروں گا ۔
طالبان کے ساتھ امن معاہدہ پر امریکی صدر نے کہا کہ ہاں میں نے وزیر اعظم مودی سے اس سلسلہ میں بھی بات کی ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ ہندوستان بھی اس کو دیکھنا چاہتا ہے ۔ ہم اس کے کافی قریب ہیں ۔ سب اس کیلئے خوش ہیں
وزیر اعظم مودی کے ساتھ بات چیت کو لے کر امریکی صدر نے کہا کہ ہمارے درمیان کافی مثبت بات چیت ہوئی ۔ ہندوستان ایک شاندار ملک ہے ۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہندوستان آنے والے 50-100 سالوں میں بڑا کھلاڑی بن کر ابھرے گا ۔ ہندوستان ایک بے مثال مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے ۔