کرناٹک کابینہ میں توسیع کیلئے سرگرمی
12:47PM Mon 1 Sep, 2014
بھٹکلیس نیوز/ یکم ستمبر ،14
بنگلور / ریاستی کابینہ میں توسیع کرنے اور کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل جدید کے تعلق سے وزیراعلیٰ کرناٹک مسٹر سدرامیا اور صدر کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر جی پرمیشور 3 ستمبر کو دہلی روانہ ہوں گے ۔ اے آئی سی سی صدر شریمتی سونیا گاندھی اور کانگریس پارٹی کے دوسرے لیڈرس سے ملاقات کرکے بات چیت کریں گے ۔ آج بنگلور میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سدرامیا نے بتایا کہ کابینہ میں 4 عہدے خالی ہیں ۔ توسیع کرکے 4 عہدوں کو پر کیا جائے گا ۔ اس کے ساتھ ساتھ بورڈ اور کارپوریشن کیلئے پارٹی کارکن اور لیڈرس کا نامزد کرنے کےتعلق سے ہائی کمان کے ساتھ بات چیت کرکے فیصلہ کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صرف 4 خالی سیٹوں کو ہی پر کیا جائے گا ۔ صرف توسیع ہوگی ۔ کابینہ کی تشکیل جدید فی الحال نہیں ہوگی ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ رائچور گلبرگہ اور دوسرے علاقوں میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ان میں امداد تقسیم کے علاوہ ان کے افراد خاندان کو دوسری امداد کے فراہمی کے بشمول سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی اقدامات تجویز کرنے اور ضلع انتظامیہ اور ضلع انچارج وزراء کو ہدایت دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں چیف سکریٹری بارش سے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرس کے ساتھ ویڈی کانفرنس منعقد کرکے ضروری امداد اور احتیاطی اقدامات کرنے ہدایت دے رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریاست کابینہ میں شامل ہونے کے خواہشمند بعض سینیئر ارکان اسمبلی نے ان سے ملاقات کی ۔ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی بھی تشکیل جدیدکی جارہی ہے ۔ ریاست میں ضمنی انتخابات منعقد ہوئے اور کانگریس کو شاندار کامیابی ملی ہے۔ کابینہ میں توسیع کب ہوگی، یہ بات وزیر اعلیٰ نے نہیں بتائی ۔ لیکن کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں کابینہ میں توسیع کی جائے گی ۔ بورڈ اور کارپوریشن کے صدور کی بھی نامزد کی جائے گی -