حج و عمرہ پر سروس ٹیکس: عازمین کو دینی پڑ رہی بارہ تیرہ ہزار روپئے کی زائد رقم

02:14PM Wed 18 May, 2016

احمد آباد۔ حکومت ہر شعبے سے اور ہر شخص سے سروس ٹیکس وصول کرنے کے لئے نئے نئے طریقے وضع کرکے ان پر تھوپ رہی ہے اور اب تو مذہبی امور میں بھی اسے لاگو کرنے کی کو شش کی جا رہی ہے ۔ اسی کی ایک کڑی پرائیویٹ ٹور آپریٹرس سے حج و عمرہ کے لئے ٹیکس سروس وصول کیا جانا ہے ۔ اب ٹور آپریٹرس اس ٹیکس کو عازمین سے وصول کر رہے ہیں۔ ٹیکس سروس وصولی معاملے پر احمدآباد میں کاکی والا ٹورس اینڈ ٹریولس کے مالک وسیم احمد کاکی والا نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حج کمیٹی پر یہ ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں پر بھی حج تو ایک ہی جیسا ہوتا ہے چاہےعازمین حج کمیٹی سے جائیں یا وہ ٹور آپریٹروں کی معرفت جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے سروس ٹیکس لگایا جانا اچھی بات نہیں ہے۔ وسیم احمد نے کہا کہ اس کی رقم حاجیوں کی جیب سے جاتی ہے اورانہیں پیکیج کی رقم میں بارہ تیرہ ہزار روپئے مزید دینے پڑتے ہیں جو حاجی پر ایک بوجھ ہے ۔ اس لئے گذارش ہے حکومت سے کہ سروس ٹیکس کے فیصلہ کو واپس لیا جائے ۔