نریندر مودی نے نہیں کیا لیکن ہم کسانوں کا قرض معاف کریں گے: راہل گاندھی

01:38PM Tue 18 Dec, 2018

کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی پر الزام لگایا کہ انہوں نے ساڑھے چار سال کے دوران کسانوں کا قرض معاف نہیں کیا ہے جبکہ ان کی پارٹی نے تین ریاستوں میں حکومت تشکیل دینے کے چھ گھنٹے کے اندر قرض معاف کرکے دکھا دیا ہے۔ راہل گاندھی نے منگل کو پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ مودی حکومت نے صرف چند صنعت کاروں کا ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے کا قرض معاف کیا ہے جبکہ کسان کا ایک روپے کا قرض بھی معاف نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی کسانوں کا نہیں،صرف منتخب صنعت کاروں کا مفاد پورا کرتے رہے ہیں۔ تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت کو انہوں نے کسان، مزدور، چھوٹے دکاندار اور نوجوانوں کی جیت قرار دیا اور کہا کہ انتخابی جلسوں میں انہوں نے اپنی پارٹی کی حکومت کی تشکیل کے 10دن کے اندر کسانوں کا قرض معاف کرنے کی بات کی تھی۔ان کی پارٹی کو جہاں عوامی حمایت ملی وہیں حکومت کی تشکیل کے چھ گھنٹے کے اندر کانگریس کی قیادت والی حکومت نے دو ریاستوں میں کسانوں کے قرض معاف کرنے کا اعلان کردیا اور تیسری ریاست میں اس سمت میں تیزی سے کام چل رہا ہے۔