سرکاری اسکیموں اور ووٹروں کے اندراج کے بارے میں بیداری مہم
03:33PM Mon 17 Jul, 2017
اپنی ذمہ داری سمجھ کر ادارے آگے آئیں: مینارٹی کمیشن کے اجلاس میں مقرر ین کا خطاب
بنگلور:(بھٹکلیس نیوز) کرناٹکا مینارٹی کمیشن کے زیر اہتمام آج یہاں مسلم اداروں اور تنظیموں کے ذمہ داروں کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ووٹروں کے انددراج کے علاوہ سرکاری اسکیموں کے بارے میں بیداری مہم چلانے کی طرف متوجہ کیا گیا ۔مینارٹی کمیشن کے چیرمین جناب نصیر احمد کی صدارت میں ہوئے اجلاس میں ریاستی وزراء جناب تنویرسیٹھ اور جناب روشن بیگ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے اقلیتی امورو اوقاف جناب تنویرسیٹھ نے ریاست بھر سے آئے تنظیموں کے ذمہ داروں سے کہا کہ آپ لوگ ملت کی فکر اور خدمت کی غرض سے ادارے قائم کئے ہیں اپنے اپنے علاقہ میں آپ کی بڑی ذمہ داری نبتی ہے آپ سرکاری اسکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔ ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کیلئے محلہ سطح پر مہم چلائیں اور بیداری پید اکریں۔ جناب تنویرسیٹھ نے کہا کہ آج ہمارے اندر سیاسی بیداری کی کمی ہے آج کے دور میں سیاسی شعور کی بھی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کو چا ہئے کہ وہ سب سے پہلے اپنے نام ووٹر لسٹ میں درج کرائیں اور ووٹ ضرور ڈالیں یہ الگ بات ہے کہ آپ کس کو ووٹ دیں گے یہ آپ پر منحصر ہے ۔مسلمانوں کے ہمدرد کون ہیں اور کسے اچھا نمائندہ سمجھتے ہیں ان کو ووٹ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماحول خراب ہے ہم جو نمائندگی کررہے ہیں دباؤ کے ماحول میں کررہے ہیں انہوں نے مینارٹی کمیشن کے صدر کو مبا رکباد پیش کی کہ انہوں نے ریاست بھر کے ین جی او ( اداروں) کو جوڑا ہے اس طرح کے اجلاس ہرضلع میں متولی کانفرنس اور ڈیویژن سطح پر منعقد کرکے بیداری مہم چلائی جائے گی۔اس موقع پر ریاستی وزیر برائے حج اور شہری ترقیات جناب روشن بیگ نے کہا کہ ووٹروں کا اندراج کرانا ضروری ہے ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر نام خارج کئے جانے کی بھی کوشش ہورہی ہے ا س پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر جناب عبدالجبار یم یل سی نے اپنے خطاب میں مشورہ دیا کہ مساجد کو مرکز بنائیں ا۔ فکر مند نوجوانوں کی ٹیم بنا کر اپنی اپنی مسجد کے حدود میں سروے کرائیں ووٹر آئی ڈی اور آدھار کارڈ بنانے کیلئے لوگوں کو آمادہ کریں ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایلکشن کے موقع پر ہم غفلت برتے ہیں بنگلور کارپوریشن کے ایلکشن میں مسلمانوں کا ووٹنگ تناسب 30فیصد تھا۔ یو پی اور مہاراشٹرا میں ہمارے ووٹوں کی تقسیم سے دوسروں کو فائدہ پہنچا ۔ جناب عبدالجبار نے مسلمانوں سے درخواست کی کہ حالات خراب ہیں چھوٹی چھوٹی باتوں میں الجھ کر نہ بکھریں متحد ہوجائیں حالات سے مایوس نہ ہوں اتحاد بہترین علاج ہے آنے والی نسلوں کوخیال رکھتے ہوئے متحد ہوجائیں ۔ اس موقع پر سابق یم یل سی جناب سلیم احمد نے مشورہ دیا کہ انتخابات میں مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ پولنگ کرانے کے لئے ہمارے اداروں کوذمہ داری لینی چاہئے ۔ اس موقع پر مینارٹی کمیشن کے چیرمین جناب نصیراحمد نے میٹنگ طلب کئے جانے کے اغراض بتاتے ہوئے کہا کہ ایک جائزے کے مطابق بنگلور میں25فیصد مسلمانوں کے نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہیں۔اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھ کر ووٹروں کے اندراج میں دلچسپی لیں ۔ایلکشن کمیشن اور حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اندراج کے کام میں تعاؤن کرے اور بتایا کہ اس سلسلے میں کمیشن کی طرف سے بھی کام ہورہا ہے۔ اس موقع پر ریٹائر ڈ آئی سے یس افسر جناب ثناء اللہ نے مشورہ دیا کہ ہر شہر میں مساجد کا ایک فیڈریشن بنائیں اور تما م مسجد کے ذمہ داروں کو جوڑ کر مسائل پر غور وفکر کریں۔ اس سے کام کرنے میں ایکسانیت آئے گی ۔ اور سرکاری اسکیموں کو عام مسلمانوں تک پہنچا نے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مساجد میں ایک ایک لیاپ ٹاپ رکھ کر جانکاری رکھنے والے نوجوانوں کے ذریعہ آن لائن پر ووٹروں کے نام درج کرائیں۔ جانکاری رکھنے والے اپنے گھروں سے بھی یہ کام انجام دے سکتے ہیں۔ سائبرسنٹرس میں بھی یہ کام لیا جاسکتا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے اداروں کے ذمہ داروں نے بھی اپنے تاثرات اور مشورے پیش کئے۔ مینارٹی کمیشن کے سکریٹری جناب انیس سراج نے مہمانوں اور مندوبین کا خیر مقدم کیا۔ اس اجلاس میں مینارٹی ڈائر کٹریٹ کے ڈائر کٹر جناب اکرم پاشاہ سابق آئی اے یس افسران جناب عزیز اللہ بیگ، جناب صلاح الدین ،جناب ادونی سلیم، پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریڑیجناب عبیداللہ شریف، کے پی سی سی مینارٹی ڈپارٹمنٹ کے چیرمین جناب سعید احمد، وقف بورڈ کے سابق چیرمین عبدالوہاب وغیرہ شریک تھے۔