انجمن کالج میں اسپیک فار انڈیا کے عنوان پر مباحثہ کا مقابلہ؛ پانچ طلبہ کا فائنل مقابلہ کے لئے انتخاب

12:32PM Thu 1 Dec, 2016

بھٹکلیس نیوز / 01 دسمبر،2016 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) انجمن انجنئیرنگ کالج کے سیمنار ہال میں انجمن انجنئرنگ کالج بھٹکل ، دی ٹائمس آف انڈیا ، وجئے کرناٹکا اور فیڈرل بینک کے اشتراک سے  " اسپیک فار انڈیا" کے عنوان پر کالج طلبا کے درمیان مباحثہ کا مقابلہ ہوا۔ جس میں ریاست بھر سے مختلف کالجوں کے طلبہ نے شرکت کی۔ صبح 9بجے کالج سمینار ہال میں پروفیسر عبدالمقیت کی تلاوت قرآن سے افتتاحی پروگرام  شروع ہوا۔ کالج پرنسپال ڈاکٹر مشتاق احمد بھاوی کٹے نے استقبالیہ کلمات پیش کئے ۔ پروگرام میں انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے انظامیہ ممبر جناب محی الدین جیلانی شاہ بندری بطور مہمان خصوصی  شریک تھے جنہوں نے طلبہ سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے موقع کی مناسبت سے مفید باتیں کہیں، جبکہ کالج سکریٹری عبدالرحمن صدیقی صاحب نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے مقابلے طلبہ کے مستقبل کو چمکانے کے لئے بہت مفید ہیں ان سے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ واضح رہے کہ اس مباحثہ کے مقابلہ میں 5طلبہ کو منتخب کیا گیا جس میں سے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے زیر سرپرستی چلنے والے تعلیمی اداروں کے 3/طلبا بھی منتخب ہوئے ہیں۔ مباحثہ میں انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ مینجمنٹ بھٹکل کے طالب علم محمد عاکف نے اول انعام پایا تو جی ایف جی ہوناور کے راما این نائک  دوسرے انعام کے مستحق قرار پائے ۔ اسی طرح کمٹہ کالج کی پی یواول کی طالبہ بھومیکا بھٹ سارسوت نے تیسرا، انجمن پری یونیورسٹی کالج فار وویمن بھٹکل کی صابرہ چہارم اور انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کے محمد نظیف پنجم انعام کے مستحق قرار پائے ۔ منتظمین  کے مطابق بھٹکل انجنئیرنگ کالج کے اس  مباحثہ میں منتخب ہونے والے طلبا  بنگلورو میں ہونے والے میگا فائنل کے مقابلہ میں حصہ لیں گےجہاں وہ فائنل مقابلہ میں اپنے خیالات کااظہار کریں گے۔ کالج کے نائب پرنسپال پھولے چندرا کے شکریہ کلمات پر یہ پروگرام اختتام کو پہنچا۔