ریاستی حکومت امن وقانون کے نفاذمیں ناکام
03:13PM Thu 25 May, 2017
بیدر کے جنید احمد کے قتل پر جنتادل قائد محیط الطاف کابیان
بنگلور۔(بھٹکلیس نیوز )جنتادل (سیکولر) مینارٹی ونگ کے ریاستی صدر جناب محیط الطاف نے بیدر کے نوجوان محمدجنیداحمد کے بھیڑ کے ہاتھوں قتل کئے جانے پر اپنی تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ بھیڑکے ہاتھوں قتل کئے جانے کے واقعات سارے ملک میں بڑھتے ہی جارہے ہیں۔ مرکزی حکومت اور جن ریاستوں میں بی جے پی برسراقتدار ہے وہاں اسطرح کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے، یہ مسلمان اور دلتوں میں دراڑیں پیداکرنے کی بی جے پی کی سازش ہوسکتی ہے۔ جبکہ بھیڑ معاملے کے قاتلوں کو سزا نہیں دی جارہی ہے۔ جس سے بھیڑ کے ذریعہ کسی کا قتل کردینے کے ٹرینڈ میں خطرناک حدتک اضافہ ہواہے۔ کرناٹک میں بھی اس طرح کے واقعات وقوع پذیر ہورہے ہیں ۔ جس سے اقلیتیں خوف کاشکار ہیں۔ جناب محیط الطاف صدر ریاستی مینارٹی ونگ نے کرناٹک کی کانگریس حکومت پر الزام لگایاکہ وہ ریاست میں امن وقانون کے نفاذ میں ناکام ہوچکی ہے۔ جنتادل (ایس) قائد نے جنید احمد کے قتل کے واقعہ میں ملوث خاطیوں کوسخت سے سخت سزادینے کامطالبہ کیاہے۔