ریاست مخالف سرگرمیوں میں مصروف منتخب نمائندے نااہل قرار دئے جائیں گے: روشن بیگ

03:26PM Wed 24 May, 2017

بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز) ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے بلگاوی ضلع کے مہاراشٹرا یکی کرن سمیتی سمیت ریاست بھر میں کہیں بھی ریاست مخالف سرگرمیوں میں مصروف منتخب نمائندوں کو وارننگ دی ہے کہ اگر ان کی یہ سرگرمیاں برقرار رہیں توانہیں نااہل قرار دینے کیلئے بہت جلد ایک قانون وضع کیا جائیگا۔ اپنے دورۂ بلگام کے دوران اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بارہا مہاراشٹرا یکی کرن سمیتی کے کارپوریٹروں کی طرف سے بلگاوی کو مہاراشٹرا کا حصہ قرار دئے جانے کی کوشش کا وہ مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کی نظر ان عناصر کی سرگرمیوں پر ہے، آئندہ اگر ان لوگوں نے اپنی حرکتیں جاری رکھیں تو انہیں نااہل قرار دینے سے بھی حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ آنے والے اسمبلی اجلاس میں اس سلسلے میں ایک قانون لایا جائے گا۔ اس دوران جناب روشن بیگ کے اس بیان کے فوراً بعد آج ایم ای ایس کارکنوں نے بلگام شہر میں ریاست مخالف سرگرمیاں شدید کردیں اور جابجا جئے مہاراشٹرا کے نعرے لگائے اور کہاکہ اس طرح کے بیانات سے وہ متاثر ہونے والے نہیں ہیں۔