مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے مہاراشٹر میں مسلم تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کی
02:27PM Tue 26 Jul, 2016
ایم سی سی آئی چھوٹے تاجروں اور صنعت کاروں کو ملک کے اقتصادی فروغ سے جوڑنے کے لئے پُر عزم: ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ26؍جولائی: مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایم سی سی آئی) کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمدنے مہاراشٹر میں چھوٹے مسلم تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کو سن کر یقین دہانی کرائی کہ مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے مسلم تاجروں اور صنعت کاروں کو ملک کے اقتصادی فروغ سے جوڑنے کے لئے پُر عزم ہے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے مہاراشٹر کے ممبئی، تھانے، ملاڑ، قدیم ممبئی وغیرہ میں ڈیڑھ سو سے زائد چھوٹے مسلم تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایم سی سی آئی کی ایکزیکیوٹو کمیٹی مہاراشٹر میں بھینس کے ذبیحہ کے تعلق سے بھی اپنی خصوصی میٹنگ میں غور و خوض کرے گی۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران انہوں نے مسلم تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی سی آئی کا مقصد مسلم تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل سے حکومت کو روشناس کراکر ان کو حل کرانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایم سی سی آئی تاجروں اور صنعتکاروں اور حکومت کے درمیان پُل کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔
ڈاکٹر جسیم نے کہا ہے کہ ہندوستان میں چھوٹے اور منجھلے مسلم تاجروں ،کاریگروں اور صنعت کاروں کی ایک بڑی تعداد ہے جو ملک کی معیشت کے فروغ میں اہم رول ادا کر سکتی ہے لیکن ان لوگوں میں عدم اتحاداور انہیں نئی تکنیکوں، صنعتوں اور بازار پر موقوف اقتصادی نظام کا بھر پور علم نہ ہونے کے سبب وہ ملک کے اقتصادی فروغ کا نہ تو حصہ بن پارہے ہیں اور نہ ہی حکمت کی مثبت پالیسیوں سے کوئی فائدہ حاصل کر پارہے ہیں جبکہ ایم سی سی آئی کا مقصد ان کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرانے کے ساتھ ان کے فروغ کے لئے راہیں ہموار کرنا ہے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ ایم سی سی آئی کی آئندہ میٹنگ مہاراشٹر کے ممبئی میں ماہ اگست میں منعقد ہوگی۔