پی یو سی سال دوم کامرس کے شعبہ کیلئے این سی ای آر ٹی نصاب
05:29AM Mon 30 Apr, 2018
بنگلورو 30 اپریل (سالار نیوز) جاریہ سال سے پی یو سی سال دوم کے کامرس کے شعبہ کے ایکنامکس ، اکاؤنٹنسی اور بزنس مینجمنٹ کے موضوعات میں نیشنل ایجوکیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگ سنٹر (این سی ای آر ٹی ) کے نصاب شامل کرنے کا فیصلہ محکمہ پی یو ایجوکیشن کے زیر غور ہے ۔ اس کے لئے ابھی سے پی یو سی سال اول اور دوم کے سائنس کے شعبہ کیلئے این سی ای آر ٹی نصاب شامل کردیاگیا ہے ۔ گزشتہ سال پی یو سی سال اول کے کامرس کے موضوعات کے لئے این سی ای آر ٹی کی کتابوں کو لازمی بنایا گیا تھا ۔ پی یو سی سال دوم کے لئے اس تک محکمہ تعلیمات کی طرف سے تیار کردہ کتابیں ہی پڑھائی جارہی تھیں اب ان میں این سی ای آر ٹی کو شامل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق این سی ای آر ٹی کی کتابوں میں سنٹرل سبیلس شامل کئے گئے ہیں ۔ قومی سطح پر کسی بھی مقابلہ جاتی امتحان کا سامنا کرنے کیلئے یہ کتابیں کار آمد ثابت ہوں گی ۔ اب تک پی یو سی سال دوم کیلئے محکمہ کی کتابیں پڑھائی جاتی رہیں ہیں ان کتابوں سے قومی سطح کے اہل امتحانوں کا سامنا کرنے طلباء کیلئے دشوار ہوتا تھا ۔ ان کی اس پریشانیوں کو دور کرنے کیلئے محکمہ تعلیمات نے اپنی کتابوں میں این سی ای آر ٹی کو شامل کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔محکمہ پی یو ایجوکیشن کی ڈائرکٹر سی شکھا کے مطابق امسال سے پی یو سی سال دوم کے کامرس کے موضوعات کے لئے این سی ای آر ٹی کو شامل کیا گیا ہے ۔ فروری کے مہینہ میں ہی انگلش میڈیم کی کتابیں بازار میں دستیاب ہیں ۔ جبکہ کنڑا میڈیم کی کتابیں بھی بہت جلد مل جائیں گی ۔ این سی ای آر ٹی کی کتابوں کے متعلق 21 مئی سے ایک ہفتہ تک لیکچررس کو تربیت دی جائے گی ۔