اگلے دو دنوں میں ضلعی انچارج وزراء کا باقاعدہ اعلان متوقع چار سینئر وزراء کو دو،دو اضلاع ،کرشنا بائرے گوڑاکوکولار اورگدگ کی ذمہ داری

02:11PM Sat 21 Jul, 2018

بنگلورو۔21جولائی (منیر احمد آزاد چیف رپورٹر) ریاست میں کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت تشکیل پانے کے دو ماہ تک بھی کئی اضلاع میں ڈپٹی کمشنر اور ضلع نگران کار وزیر نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ متاثر ہورہاہے ۔ حال ہی میں چند آئی اے ایس افسروں کا تبادلہ کرکے انہیں ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے تقرر کیا گیا ہے ۔ لیکن اب بھی اکثر اضلاع میں مستقل ڈپٹی کمشنر س نہیں ہیں ۔ حکومت کو فوری اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ لگتا ہے کہ ضلع نگراں کار وزراء کاتقرر کرنے کا وقت اب آیا ہے ۔ اطلاع ملی ہے کہ دو تین دنوں میں ضلع نگران کار وزراء کی فہرست جاری ہوجائے گی ۔ اس کے بعد یہ امید کی جارہی ہے کہ ان نگراں کار وزراء کے مشورہ سے جن اضلاع میں ڈپٹی کمشنر س نہیں ہیں۔وہاں ڈپٹی کمشنروں کابہت جلد تقرر ہوجائے گا ۔چنداضلاع میں دونوں کانگریسی اورجے ڈی ایس کے اراکین اسمبلی موجود ہیں اور ان اضلاع سے دونوں پارٹیوں کے بھی وزراء ہیں، ایسے معاملات میں ضلع نگران کار وزراء کاتقرر بہت ہی غور وفکر کے بعد کرنا ہوگا۔ کہا جارہا ہے کہ اس وجہ سے نگران کار وزراء کے تقرر میں اتنی تاخیر ہوئی ۔ اطلاع ملی ہے کہ مخلوط حکومت کی کو آرڈینیشن کمیٹی میں اس سلسلہ میں تفصیلی بحث ومباحثہ کے بعد ضلعی نگران کاروزراء کی فہرست تیار کی جارہی ہے۔یہ فہرست اگلے دو دنوں میں جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔ چند اضلاع سے متعلق دونوں پارٹیوں میں ابھی الجھن ہے ۔ آج شام یا کل تک تمام اضلاع کے وزراء کی فہرست کو حتمی شکل دئے جانے کاامکان ہے۔چند وزراء کو دو اضلاع کے انچارج وزراء بنایا جارہاہے ۔ ذرائع کے مطابق متوقع نگران کار وزراء کی تفصیل اس طرح ہے۔ ڈی کے شیو کمار ، رام نگرم اوربلاری ،کرشنابائرے گوڑا ،کولار اور گدگ، رمیش جارکی ہولی ، بیلگاوی اور دھارواڑ ،پرینک کھرگے،کلبرگی اور یادگیر ۔ صرف ان چار وزراء کو دو دو اضلاع کے انچارج وزراء مقرر کیاجارہاہے ۔ دیگر متوقع ضلعی انچارج وزراء جی ٹی دیوے گوڑا، میسور، سی ایس پٹا راجومنڈیا ، ایچ ڈی ریونا ہاسن،سرینواس ٹمکور، پٹا رنگا شٹی ، چامراج نگر ،کے جے جارج کورگ ، یوٹی قادر جنوبی کنڑا ، ڈاکٹر جیامالا اڈپی۔، ڈی سی تمنا شیموگہ، ایس آر مہیش چک منگلور، این ۔ مہیش داونگیرے، بی زیڈ ضمیر احمد خان بنگلور دیہی، ڈاکٹر جی پرمیشور بنگلور سٹی ،وینکٹ رامنپا چتردرگہ، آر شنکر ہاویری ،آر وی دیش پانڈے شمالی کنڑا ، این ایچ شیو شنکر ریڈی چکبالاپور، بنڈپا کاشمپورکوپل، وینکٹ راؤ ناڈ گوڑا ،رائچور، ایم سی منگولی ،باگل کوٹ ۔ شیواننداپاٹل وجیا پورہ ، راج شیکھر پاٹل بیدر۔ اطلاع ملی ہے کہ ان ضلعی انچارج وزراء کی فہرست تقریباً تیار ہوچکی ہے ۔ اس پر پھر ایک مرتبہ نظر ثانی کے بعد کل یا پرسوں جاری کردی جائے گی ۔ اطلاع ملی ہے کہ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسو امی اورنائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور نے بھی اس فہرست پر منظوری دیدی ہے ۔ اب صرف باقاعدہ اعلان باقی ہے۔