مینگلور میں لاک ڈاؤن کے دوران دوست کو سوٹ کیس میں بند کرکے لانے کی کوشش ہوئی ناکام
01:00PM Sun 12 Apr, 2020
مینگلور: 12 اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) لاک ڈاؤن کے دوران سختی برتے جانے پر ملک کے مختلف مقامات سے لاک ڈاؤن کو توڑنے کے مختلف طریقے سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس دوران مینگلور میں ایک نوجوان کے ذریعے لاک ڈاؤن کے دوران اپنے دوست سے ملنے کا منفرد طریقہ سامنے آیا ہے جو کہ اپنے آپ میں چونکا دینے والا ہے۔
اطلاع کے مطابق لاک ڈاؤن سے پریشان آج ایک طالب علم نے تمام افراد کو چکمہ دے کر اپنے ایک دوست کو سوٹ کیس میں بند کرکے روم میں لانے کی کوشش کی تھی اور اس کی کوشش ایک حد تک کامیاب بھی ہوگئی تھی لیکن آخری وقت میں اس کی پول کھل گئی اور اس کی یہ شاطرانہ چال ناکام ہوگئی۔
اطلاع کے مطابق مینگلور کے آریہ سماج روڈ پر واقع ایک اپارٹمنٹ میں رہنے والے طالب علم نے اپنی تنہائی دور کرنے اور دوست کو اپارٹمنٹ میں لانے کا ایک انوکھا طریقہ اپنایا۔ چونکہ اس کے اپارٹمنٹ میں دوسرے لوگوں کے آنے پر پابندی تھی اس لیے اس نے اپنے دوست کو لانے کے لیے ایک بڑا سوٹ کیس استعمال کیا اور دوست کو اس میں چھپا دیا۔ وہ اس میں کامیاب بھی ہوجاتا لیکن اپارٹمنٹ میں داخل ہونے کے عین موقع پر لوگوں نے اس کے سوٹ کیس میں حرکت دیکھی اور معاملہ کی تفتیش کی تو اندر سے ایک نوجوان باہر نکلا جسے دیکھ کر لوگ حیران ہوگئے۔
اس کے بعد ان لوگوں نے پولس کو خبردی۔ پولس نے دونوں طالب علموں کومزید تفتیش کے لئے حراست میں لیا ہے۔