آئی ایس آئی ایس سے تعلق کے الزام میں گرفتار مسیح الدین عرف موسی این آئی اے کی تحویل میں
03:56PM Mon 25 Jul, 2016
کلکتہ۔ ملک بھر میں آئی ایس آئی ایس سے ہمدرد ی یا اس میں بھرتی ہونے کے خواہش مند افراد کی جانچ کررہی قومی جانچ ایجنسی این آئی اے نے اسی مہینے مغربی بنگال سی آئی ڈی کے ذریعہ گرفتار محمد مسیح الدین عرف موسی ٰ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔محمد موسی کو سی آئی ڈی نے 4جولائی کو بردوان ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے گرفتار کیا تھا۔
موسی ٰ سے متعلق کہا جارہا ہے کہ اس کے تعلقات آئی ایس آئی ایس سے ہیں۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیشی دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین سے بھی تعلق ہونے کا شبہ ہے ۔2اکتوبر 2014کو بردوان کے کھگڑا گڑھ میں دھماکے میں حزب المجاہدین کا ہاتھ ہونے کے ثبوت ملے ہیں جس کی این آئی اے جانچ کررہی ہے ۔
این آئی اے انسپکٹر جنرل آف پولس سنجیو کمار سنگھ نے کہا کہ ہم نے موسی ٰ سے پوچھ تاچھ کرنے کیلئے اسے گرفتار کیا ہے ۔ایجنسی جلد ہی عدالت سے رجوع کرکے اپنی تحویل میں لے گی ۔ایجنسی کو امید ہے کہ موسی ٰ سے پو چھ تاچھ کے دوران آئی ایس آئی ایس کے ہندوستان میں سرگرم ہونے سے متعلق معلومات ملیں گی ۔اس درمیان بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ 27مئی کو ہندوستان کے تین روزہ دورے پر آرہے ہیں ۔ وہ دہشت گردی پر بات چیت کریں گے اور این آئی اے کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کریں گے۔