ممتا بمقابلہ مرکز: سی بی آئی اور راجیو کمارمعاملہ کی سپریم کورٹ میں سماعت کل

01:30PM Mon 4 Feb, 2019

سپریم کورٹ چٹ فنڈ گھوٹالہ میں کولکتہ پولیس کمشنر راجیو کمار سے پوچھ گچھ کرنے گئی سی بی آئی ٹیم کے حکام کو مغربی بنگال پولیس کی طرف سے گرفتار کئے جانے کے بعد پیدا ہونے والے بحران پر کیس کی سماعت منگل کو کرے گا۔ سی بی آئی کی جانب سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ نے پیر کو اس معاملہ کو عدالت میں اٹھاتے ہوئے اس کی سماعت آج ہی کرنے کی اپیل کی تھی لیکن چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے کہا کہ ایسا اتنا ضروری نہیں ہے کہ اس معاملہ کی آج ہی سماعت ہو۔ مہتہ نے الزام لگایا کہ کولکتہ پولیس کمشنر اس گھوٹالے سے منسلک ثبوتوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں جس پر جسٹس گوگوئی نے کہا کہ وہ اپنے اس دعوے کی حمایت میں ایسا کوئی پختہ ثبوت پیش کریں اور اگر یہ ثابت ہو جاتا ہے تو کمار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مہتہ نے کہا کہ سی بی آئی ٹیم کے حکام کو گرفتار کرکے انہیں حراست میں رکھا گیا اور اس معاملہ میں کولکتہ پولیس کمشنر کو فوری طور پر خود سپردگی کرنی چاہئے۔
 پٹیشن میں سی بی آئی نے یہ درخواست بھی کی تھی کہ کولکتہ پولیس کے سربراہ کو شاردا چٹ فنڈ معاملہ کی جانچ میں تعاون کرنے کے لئے ہدایات دیئے جائیں۔ جسٹس گگوئی نے سی بی آئی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ پر منگل کو سماعت ہوگی۔