میئرکاعہدہ حاصل کرنے جنتادل (ایس) میں رسہ کشی میئر کے لئے خواتین( جنرل) اور ڈپٹی میئر کیلئے مردوں کا عام زمرہ مختص
01:27PM Sun 22 Jul, 2018
بنگلورو 22 جولائی (سالار نیوز) اسمبلی انتخابات کے بعد بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی )پر بھی اپنا قبضہ جمانے جے ڈی ایس نے ایڑی چوٹی کا زور لگانا شروع کردیا ہے ۔ بی بی ایم پی میئر آر سمپت راج اور ڈپٹی میئر پدماوتی نرسمہامورتی کی میعاد 2 مہینوں میں ختم ہوجائے گی ۔ نئے میئر اور ڈپٹی میئر کی سیٹ کے لئے ابھی سے رسہ کشی شروع ہوگئی ہے ۔ اگلی میعاد کے میئر کی سیٹ خاتون کے جنرل زمرہ کو مختص کی گئی ہے ۔ اس کے لئے کانگریس کے پھر ایک بار میئر کی سیٹ حاصل کرنے کی کوشش شروع کردی ہے لیکن اس مرتبہ جے ڈی ایس نے میئر کی سیٹ پر قبضہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے لئے پارٹی کے سینئر لیڈروں پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے ۔ گزشتہ 3 سالوں سے بی بی ایم پی میں کانگریس ۔ جے ڈی ایس کی حکمرانی ہے ۔ 3 میعاد میں بھی کانگریس کے کارپوریٹرس میئر کے طور پر خدمت انجام دے رہے تھے اس لئے اس بار میئر کا عہدہ جے ڈی ایس کو فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ میئر کی سیٹ کے لئے کانگریس سے سومیا شیوکمار، لاونیا گنیش ریڈی، گنگامبیکے ، فریدہ اشتیاق، آشا سریش اور کوکیلا چندرشیکھر میں سے کسی ایک نے قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جے ڈی ایس سے ورشابھاوتی نگر وارڈ کی کارپوریٹر ہیمالتا گوپالیا، لگیرے وارڈ کی منجولا نارائن سوامی ، کاول بیرسندرا وارڈ کی نیترا نارائن میئر کی سیٹ حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کررہی ہیں ۔ ڈپٹی میئر کی سیٹ کیلئے مردوں کا جنرل زمرہ مختص کیا گیا ہے ۔ کانگریس اور جے ڈی ایس کے کئی کارپوریٹرس ڈپٹی میئر کا عہدہ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں لیکن میئر کی سیٹ کس پارٹی کے کھاتے میں جائے گا اس کا حتمی فیصلہ کرنے کے بعد ہی ڈپٹی میئر کی سیٹ پر غور کیا جاسکتا ہے ۔ کانگریس اور جے ڈی ایس میں قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ مخلوط حکومت میں کانگریس نے وزیر اعلیٰ کی کرسی جے ڈی ایس کودے دی ہے ۔ جس کے سبب بی بی ایم میں میئر کی سیٹ کانگریس کے کھاتے میں چلی جانے کی توقع ہے ۔ جبکہ ڈپٹی میئر کا عہدہ جے ڈی ایس کو ملنے کے امکانات ہیں۔ دوسری طرف کانگریس اور جے ڈی ایس لیڈروں نے اس سلسلہ میں حتمی فیصلہ نہیں لیا ہے ۔