بھارت بند کے دوران پپو یادو پرحملہ، پرتشدد مظاہرین نے روکی ٹرینیں، بی جے پی دفترکے باہرکئے گئے احتجاج

02:07PM Thu 6 Sep, 2018

مرکزی حکومت کے ذریعہ ایس سی / ایس ٹی ایکٹ میں ترمیم کرکے اسے بنیادی شکل میں بحال کرنے کی مخالفت میں اعلیٰ ذات کی تنظیموں نے آج یعنی 6 ستمبر کو "بھارت بند" کا اثردیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس موقع پرکئی مقامات پرٹرینوں کو روک دینے کی  خبریں آرہی ہیں۔ مظاہرین نے کئی مقامات پرجم کرہنگامہ آرائی بھی کی ہے۔ اس کا اثر مدھیہ پردیش، راجستھان، مہاراشٹر اور بہار وغیرہ  میں زبردست طریقے سے دیکھنے کو ملا ہے۔ بہارمیں پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑ پ بھی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی دفاتر کے باہربھی احتجاج کیا گیا ہے۔ مدھے پورہ سے مبرپارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو کی کار پر حملہ ہوا۔
 پپو یادو نے اس دوران کہا کہ اگرمیرا گارڈ نہیں ہوتا تو میں نہیں بچتا۔ ان لوگوں نے مجھے فحش گالیاں دیں۔ پیچھے سے مجھ پر حملہ کیا گیا۔ نامہ گاروں سے بات کرتے ہوئے جذباتی  بھی ہوگئے۔  انہوں نے کہا کہ میں نے ایس پی، آئی جی کو فون ملایا، لیکن کسی نے نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کو فون کیا تو ان کے پی اے نے فون اٹھایا۔
مدھیہ پردیش کے انورپور ضلع میں بند کا زبردست اثردکھا۔ ضلع ہیڈ کوارٹر سمیت کوتما بجری، جیت ہری، راجیندرگرام، امرکنٹک، چچائی، راج نگرمیں پوری طرح بازاربند کو تاجروں نے کھل کرحمایت دی ہے۔ ضلع میں ہرطرف پولیس تعینات ہے۔ مدھیہ پردیش کے ریوا میں سڑکوں پرٹائرجلائے گئے۔ اس کےعلاوہ راجدھانی بھوپال میں پٹرول پمپ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کے لئے بند ہیں۔  بھارت بند کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے مدھیہ پردیش کے تین اضلاع  مرینا، بھنڈ اورشیو پوری میں احتیاطاً دفعہ 144 نافذ کی  گئی ہے۔ پٹنہ واقع بی جے پی دفترپربھی اعلیٰ ذات کے لوگوں نے احتجاج کیا۔  بہار کے آرا میں پولیس اور مظاہرین کے بیچ ٹکراو ہوا۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین پر طاقت کا استعمال کیا اور بے رحمی سے پیٹا۔ پوری ریاست میں سڑک اورریل ٹریفک پر زبردست اثرپڑا۔ مظفر پور، لکھی سرائے، شیخ پورہ، جہان آباد، ارا، دربھنگہ، سپول، سیوان اور موتیہاری سمیت سبھی شہروں میں بند کا زبردست اثر دیکھنے کو ملا۔  شرم جیوی ایکسپریس چار گھنٹے کی تاخیرسے روانہ ہوئی۔ دہلی جانے والی شمالی بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس کو لہیریا سرائے میں روکا گیا۔ دانا پور انٹرسٹی کو بھاگلپورمیں روکا گیا۔
گزشتہ باربھارت بند ایس سی/ ایس ٹی ایکٹ پ سپریم کورٹ کے فیصلے کی مخالفت میں دلت تنظیموں نے دو اپریل کو بلایا تھا۔ تب سب سے زیادہ تشدد مدھیہ پردیش کے گوالیاراورچنبل سنبھاگ میں ہوئی تھی۔ اس وجہ سے اس بار مدھیہ پردیش انتظامیہ اس باربھارت بند کو دیکھتے ہوئے پوری طرح محتاط ہے۔