سنڈے لاک ڈاؤن انتہائی سخت ہوگا۔ مسجدوں میں عملہ کے سوا کسی کو نہ آنے کی کمشنر نے کی اپیل
06:21AM Sat 4 Jul, 2020
بنگلورو: 3 جولائی،20 (سالارنیوز) کورونا وائرس سے نپٹنے میں اب تک کسی طرح کی پیش رفت نہ ہونے کے سبب حکومت کرناٹک نے ہر اتوارریاست میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ لیا ہے - اس فیصلے کے تحت 5جولائی پہلی اتوار ہوگی جب اَن لاک کے مرحلے میں پہلا لاک ڈاؤن ہونے جارہا ہے - شہر بنگلور میں اس لاک ڈاؤن کو سختی سے نافذ کرنے کے لئے بنگلور سٹی پولیس اور بی بی ایم پی انتظامیہ کی طرف سے سخت قدم اٹھائے گئے ہیں - شہر کے پولیس کمشنر بھاسکر راؤ نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران لوگ اگر بے وجہ سڑکوں پر پائے گئے تو ان پر فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا اور بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا- این ڈی ایم اے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونے کی صورت میں کم سے کم دو سال کی سزائے قید ہوگی- کرناٹک بھراور خصوصیت کے ساتھ شہر بنگلور میں کورونا وائرس کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ اور اسے روکنے کیلئے حکومت کی طرف سے ہونے والی ہر تدبیر کے ناکام ہوجانے کے سبب وزیراعلیٰ ایڈی یورپا نے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا - پولیس کمشنر بھاسکرراؤ نے لاک ڈاؤن کے ضوابط کے بارے میں تفصیلات اخباری نمائندوں کو دیتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کی رات 8بجے سے پیر کی صبح 5بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا- اس لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے گی بجز تمام دکانیں بند رہیں گی- حکومت کی طرف سے جاری رہنما خطوط کے مطابق اسپتال، میڈیکلس اسٹورس، دودھ اورراشن کی دکانیں، ہوٹل (پارسل خدمات) پھل،ترکاری اور گوشت کی دکانیں کھلی رہنے کی اجازت دی جائے گی- سڑکوں پر عوام کو چلنے پھرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی- لاک ڈاؤن کے ضابطے کو پامال کرتے ہوئے اگر لوگ باہر نکلے تو ان پر سخت کارروائی اپنی جگہ اس کے ساتھ جس گاڑی میں بھی سفرکرتے ہوئے پایا جائے گا اس گاڑی کو ضبط کیا جائے گا- کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی پامالی کے جرمانے کے ساتھ گاڑی پر ٹرافک قوانین کی پامالی، انشورنس، آلودگی اور دیگر معاملات میں جتنے بھی جرمانے لاگو ہوں گے ان تمام کو وصول کیا جائے گا- کمشنر نے کہا کہ اس سے پہلے،پہلے مرحلے میں جو سخت لاک ڈاؤن نافذ ہوا تھا وہی قانون اتوارکو بھی نافذ ہوگا-
اتوارکے روز لاک ڈاؤن کے پیش نظر بینگلورو کی بیشتر مساجد کے ذمہ داران نے یہ طے کیا ہے کہ اس دن مساجد میں عوامی عبادتوں سے گریز کیا جائے گا اور لاک ڈاؤن کے دوران جس طرح عملے کے کچھ اراکین نے نمازوں کی پابندی کی تھی اتوار کے روز وہی سلسلہ چلے گا - مساجد کے ذمہ داروں نے مصلیان سے گزارش کی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران وہ مساجد کا رخ نہ کریں اور اپنے آپ کو گھروں میں محفوظ رکھیں -