مسجد حرام میں بیگ کھول کرسامان کی تلاشی کا جھنجٹ ختم

04:11PM Thu 30 Mar, 2017

زائرین بیت اللہ کی سہولت کے لیے سی تھرو بیگ تیار حرمین شریفین کے نگراں ادارے نے زائرین ومعتمرین کے سامان کی سہولت کے لیے ایک نیا اور ’سی تھرو‘ بیگ تیار کیا ہے۔ سی تھرو بیگ میں رکھی گئی اشیاء انہیں کھولے بغیر دیکھی جاسکیں گی۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ٹرانسپیرنٹ بیگوں کی تیاری سے نہ صرف زائرین کو سہولت ہوگی بلکہ چیکنگ کرنے والا عملہ بھی کم وقت میں باہر ہی سے بیگوں کے اندر رکھی اشیاء کو بیگ کھولے بغیر چیک کرسکیں گے۔ ان بیگوں میں رکھی کافی، کھجور اور دیگر اشیاء باہر سے دیکھی جاسکیں گی۔ ماہ صیام میں ان بیگوں کو افطاری کا سامان لانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ سی تھرو بیگوں کا افتتاح گذشتہ روز حرمین شریفین کےامور کے سربراہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کیا۔ رمضان المبارک سے قبل زائرین یہ بیگ حاصل کرسکیں گے۔ مسجد حرام کے ابواب[دروازوں] کےامور کے ڈائریکٹر محمد باتی کا کہنا ہے کہ سی تھرو بیگ مسجد حرام کے داخلی دروازوں کے باہر معتمرین اور زائرین کو فراہم کیے جائیں گے۔