کئی موجودہ کانگریس اراکین اسمبلی کو ٹکٹ سے محروم ہونا پڑیگا ؟ صرف عوام میں مقبول اور جیتنے والے اُمیدواروں کو ٹکٹ دینے ہائی کمان کی ہدایت
12:30PM Thu 26 Oct, 2017
بنگلورو۔26؍ اکتوبر(ذرائع) ریاستی اسمبلی کے لئے ہونے والے انتخابات میں کانگریس کے کئی موجودہ اراکین اسمبلی کو پارٹی ٹکٹ سے محروم ہونا پڑسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی ( کے پی سی سی) نے ایک سو اُمیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست ہائی کمان کو روانہ کردی ہے۔ اطلاع ملی ہے کہ اس فہرست میں بھی کئی موجودہ اراکین اسمبلی کے نام شامل نہیں، جس سے یہ اراکین اسمبلی ابھی سے تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کے پی سی سی سے واضح طور پر کہا ہے کہ صرف جیتنے والے اُمیدواروں کو ترجیح دی جائے۔ اس کے علاوہ ہائی کمان نے ریاستی کانگریس لیڈروں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ متعلقہ حلقوں میں عوام کے درمیان مقبول اُمیدواروں کا ہی انتخاب کیا جائے۔ ان حالات میں کے پی سی سی نہایت ہی باریکی کے ساتھ امیدواروں کاانتخاب کررہی ہے۔ دیگرپارٹیوں سے کئی اہم لیڈران اور اراکین اسمبلی بھی کانگریس میں شامل ہورہے ہیں جس کی وجہ سے کانگریس کے موجودہ اراکین اسمبلی کوٹکٹ سے محروم ہونا پڑسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کے پی سی سی دوسری فہرست تیار کرنے میں لگ گئی ہے۔ اس فہرست میں بھی حلقوں میں عوامی مقبول امیدوار جو حریف پارٹیوں کے امیدواروں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں ایسے اُمیدواروں کو شامل کیا جارہا ہے ۔ اطلاع ملی ہے کہ کانگریس حال ہی میں ایک جائزہ لیا ہے تب پتہ چلا ہے کہ پارٹی کے کئی اراکین اسمبلی پچھلے ساڑھے چار سالوں کے دوران بمشکل گنے چنے موقعوں پر حلقوں کا دورہ کیا ہے۔ ان اراکین نے حلقوں کی ترقی پر بھی توجہ نہیں دی ہے۔ اب انتخابات قریب ہیں اس لئے حلقوں میں کیمپ کیا ہے ان سے حلقہ کے لوگ ناراض ہیں پارٹی کے ایسے اراکین اسمبلی کو بھی ٹکٹ ملنے پر شبہ ہے۔ ریاستی کانگریس کے انچارج وینوگوپال دس دن قبل ریاست کے دورہ پر آئے ہوئے تھے وزیراعلیٰ سدارامیا اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے امیدواروں کی فہرست کی تیاری سے متعلق ان سے تبادلہ خیال کیا تھا ۔ اس میٹنگ میں کس اُمیدوار کو ٹکٹ دیا جانا چاہئے کس کو نہیںیہ سب طے ہوچکا ہے۔ کانگریس ذرائع کے مطابق جنوبی کرناٹک اضلاع کے حلقوں کے اُمیدواروں کی فہرستیں تقریباً تیار ہوچکی ہیں ۔ اب شمالی کرناٹک اضلاع کے حلقوں کے امیدواروں کی فہرست کی تیاری میں کچھ تاخیر ہورہی ہے۔