مسلمان اپنے اندر ہمت، عزم اور حوصلہ پیدا کریں : مسلم پرسنل لاء بورڈ
11:05AM Fri 24 May, 2019
نئی دہلی:24 مئی، 19 (پریس ریلیز) انتخابات کے نتائج پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب مدظلہ نے اخباری بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انتخابات کے نتائج سب کے سامنے ہیں جو ہونا تھا ہوچکا، اور کوئی شبہ نہیں کہ آنے والے دنوں میں حالات تشویش ناک رخ اختیار کرسکتے ہیں، لیکن اہل ایمان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی صبر و استقامت کی راہ پر چلیں اور مایوسی اور ناامیدی کا شکار نہ ہوں، ہمارے بڑوں اور بزرگوں نے بہت سوچ سمجھ کر اس ملک میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ہم اس فیصلے پر قائم ہیں، ہم اس ملک میں اپنے تمام تر تشخصات کے ساتھ رہیں گے۔ حالات کے دباؤ میں دین و ایمان کے کسی چھوٹے سے چھوٹے حصے سے دستبردار ہونے کے لئے ہم تیار نہیں ہیں۔
یہ بات بھی ذہن میں رہنی چاہئے کہ ماضی میں مسلمانوں پر اس سے بھی زیادہ سخت حالات آچکے ہیں اور ایسا دور بھی گذرا ہے کہ جب چاروں طرف اندیراہی اندھیرا نظر آتا تھا لیکن پھر اللہ پاک نے اندھیروں کے درمیان اجالے کی کرن ظاہر فرمائی، اب بھی تمام اہل ایمان کو اللہ پاک کی ذات پر بھروسہ رکھنا چاہئے اور ایمان و یقین اور اچھے اعمال کی راہ پر آگے بڑھنا چاہئے اس جذبے کے ساتھ کہ آنے والے چیلنجز کا ہم پوری ہمت، عزم اور حوصلہ کے ساتھ مقابلہ کریں گے، اور توحید کی امانت کے ساتھ زندہ رہیں گے اور اسی کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوں گے۔