جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسکولی بچوں نے پیش کی مثال، کیرالہ سیلاب زدگان کیلئے بھیجے ایک لاکھ روپئے
12:27PM Sat 8 Sep, 2018
نئی دہلی: ملک کا ہرشخص کیرالہ سیلاب متاثرین کے لئے مدد کررہا ہے تو اسی ضمن میں جامعہ ملیہ اسلامیہ اسکولوں کے طلبا نے اپنی جیب خرچ سے کیرالہ سیلاب زدگان کیلئے جمع کئے گئے تقریباً ایک لاکھ روپئے کومتاثرین تک پہنچانے کے لئے کل جامعہ کے رجسٹرارکے سپرد کیا گیا۔
اس موقع پر رجسٹراراے پی صدیقی نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسٹاف اوراساتذہ کی جانب سے بھی رقم کیرالہ کے لئے بھیجی جاچکی ہے۔ تاہم بچوں کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم قابل ستائش ہے۔ اس سے طلبا کے جذبے کا پتہ چلتا ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ اسکول ٹیچرس ایسو سی ایشن کے سکریٹری حارث الحق نے بتایا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی یہ روایت رہی ہے کہ جب بھی ملک و بیرون ملک میں کوئی قدرتی آفت آئی توایسے موقع پرجامعہ مدد میں پیش پیش رہا ہے۔
خواہ وہ دوسری عالمی جنگ ہوجب ڈاکٹرمختاراحمد انصاری ملک بھرسے دوا اکٹھا کرکے ترکی گئے۔ گجرات میں آئے زلزلہ ہویا پھرسونامی، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے امدادی کام میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے بچوں نے تھوڑے تھوڑے پیسہ جمع کرکے ایک لاکھ سے زائد رقم جمع کی ہے۔ اس سے بچوں کے خلوص ومدد کے جذبے کا اظہار ہوتا ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ اسکول کی جانب سے یہ پیسے جامعہ کے رجسٹراراے پی صدیقی کو سونپے گئے تاکہ کیرالہ کے متاثرین کو بھیجا جاسکے۔