تزئین شدہ عید گاہ  میں جماعت المسلمین کا عام اجلاس

04:05PM Fri 12 May, 2017

غیر مسلموں کو اپنا سمجھ کر کام کریں ؛ مولانا محمود مدنی بھٹکلیس نیوز / 12 مئ، 17 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) جماعت المسلمین بھٹکل کی طرف سے عید گا کی نئے سرے سے تزئین کے بعد یہاں ایک عام اجلاس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جمعیت علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی صاحب نے شرکت کی۔ مولانا محترم نے حالات حاضرہ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو مایوس ہونے یا گھبرانے کی ضرورت بالکل نہیں ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات کو پہلے سے زیادہ سازگار اور بہتر بتاتے ہوئے کہا کہ مسلمان غیر مسلموں کو اپنا سمجھیں اور انہیں اپنے اخلاق و کردار سے اپنا گرویدہ بنالیں۔ مولانا نے کہا کہ آج کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ مسلمانوں نے دوسروں کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیا ہے وہ صرف اپنے سلسلہ میں سوچتا ہے اور چپ رہتا ہے، مولانا نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو بطور نمونہ رکھ کر ان کا دعوتی اسلوب اپنانے کی ہدایت دی۔ اپنے خطاب میں مولانا نے مایوسی کو چھوڑ کر آگے بڑھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج ہم پچاس سال پہلے کے دور  کی طرف نظر دوڑائیں توہمیں محسوس ہوتا ہے کہ مسلمانوں میں دینی بیداری کا حال پچاس سال پہلے کے مقابلے میں  بیس گنا زیادہ ہے، اس لحاظ سے ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے،ہم نہ صرف دینی طور پر بلکہ  دنیاوی طور پر بھی  پہلے زمانے سے بہترزمانے میں ہیں۔ آج  ہمارے پاس  مال ہے، ہمارے پاس کاروبارہے،اور آج ہمارے پاس جو  تعلیمی بیداری ہے، پچاس اور سوسال پہلے سےبیسوں گنا  بہتر حال میں آج ہیں۔ ان کے علاوہ مولانا الیاس صاحب جاکٹی ندوی اور مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ Jamatul-muslimeen-bhatkal-14 اجلاس کا آغاز عبداللہ رازی کی تلاوت کلام پا ک سے ہوا، طریف ابوحسینا نے نعت اور محمد اصغر صدیقی نے نعت پیش کی۔ مہمانوں کا استقبال جنرل سکریٹری جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد طلحہ رکن الدین ندوی نے کیا ، اس اجلاس میں ہندوستان کے مشہور ومعرف قراء میں قاری سہیل اور قاری شمس مبارک نے سبعہ وعشرہ قرأت کا مظاہرہ کیاتووہیں مشہور نابینا حافظ محمد انیس نے امام حرم شیخ عبدالرحمن السدیس ، شیخ شریم ، شیخ ایوب برمی کے طرز پر تلاوت فرمائی۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں زیر تعلیم طلباء نے عالمی شہرت یافتہ قراء کے طرز پر قرآن کریم کی چند آیات تلاوت فرماکر سامعین کو محظوظ کیا ۔ جماعت المسلمین بھٹکل کی تقریباً ساٹھ سال اپنی خدمات انجام دینے والے موسیٰ بن ابوبکرعلی اکبرا کی مولانا سید محمود مدنی کے ہاتھوں تہنیت کی گئی اور ان کی خدمت میں مومنٹو پیش کیا۔ اس طرح عید گاہ کی تزئین میں جن انجینئروں اورکنٹراکٹرس نے اپنی خدمات پیش کی انہیں بھی مومنٹو سے نوازا گیا۔ جماعت کا مختصراً تعارف مولانا محمد شفیع قاسمی نے پیش کیا اور شکریہ کلمات مولانا عبدالعلیم قاسمی نے پیش کیے۔ نظامت کے فرائض امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی اور استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد عرفان ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔ صدرِ جلسہ وقاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی کی دعائیہ کلمات پر یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ Jamatul-muslimeen-bhatkal-8 Jamatul-muslimeen-bhatkal-6 Jamatul-muslimeen-bhatkal-3