بنگلورو ائیرشو: فضائیہ کے دو ہاک طیارے حادثے کا شکار، ایک پائلٹ کی موت

12:04PM Tue 19 Feb, 2019

بنگلورو میں بدھ سے شروع ہونے والے ایروانڈیا شو سے ایک دن پہلے فضائیہ کو آج اس وقت ایک بڑے حادثے کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے دو ہاک طیارے ہوا میں آپس میں ٹکرا گئے جس سے ان میں سوار تین پائلٹوں میں سے ایک کی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ سوریہ کرن ڈسپلے ٹیم کے یہ طیارے بدھ سے شروع ہونے والے ایئر انڈیا شو کے لئے ریہرسل کررہے تھے۔ یہ حادثہ صبح تقریباً گیارہ بج کر پچاس منٹ پر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں ایک پائلٹ کی موت ہوگئی،جبکہ دو پائلٹوں کوکمان اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جائے وقوع پر حادثے میں ہوئے نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔حادثے کی جانچ کےلئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی گئی ہے۔
 ذرائع نے بتایا کہ دونوں طیارے لینڈ کرنے کی کوشش کررہے تھے،تبھی ایک طیارے کا ایک بازو دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا۔ ٹکر ہوتے ہی دونوں طیاروں میں آگ لگ گئی اور وہ زمین پر گر پڑے۔ زمین پر گرتے ہی طیاروں میں دھماکہ ہوگیا۔ ان کی زد میں آکر ایک مکان میں بھی آگ لگ گئی۔ یہ دونوں ہاک طیارے فضائیہ کی سوریہ کرن ڈسپلے ٹیم کا حصہ تھے۔یہ ٹیم آسمان میں ہوائی کرتب دکھانے کےلئے دنیا بھر میں مشہور ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ پائلٹوں کو طیاروں سے پیراشوٹ کے سہارے نکلتے اور زمین پر گرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک پائلٹ کو چوٹیں آئی ہیں اور اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ چار دن چلنے والے ایرانڈیا شو کا یہ بارہواں ایڈیشن ہے۔ وزیر دفاع نرملا سیتارمن اس کا افتتاح کریں گی اور وہ اس کےلئے بینگلورو پہنچ چکی ہیں۔