میڈیا سینٹر علی گڑھ نے صحافیوں کے تحفظ کے لئے قانون بنائے جانے کا مطالبہ کیا

12:28PM Mon 27 Jun, 2016

صحافیوں کے تحفظ کے لئے قانون بنائے جانے سے شفافیت کو فروغ حاصل ہوگا: ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ27؍جون: میڈیا سینٹر علی گڑھ نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے صحافیوں کے تحفظ کے لئے قانون بنایا جائے۔ میڈیا سینٹر علی گڑھ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا ہے کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون تصور کیا جاتاہے اور کسی بھی ملک کے صحافی حکومت اور عوام کے درمیان رابطہ کی کڑی تصور کئے جاتے ہیں اور وہ عوام کے حکومت سے بہتر روابط میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود اکثر صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے د وران سخت ترین دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور صحافت میں شفافیت کو برقرار رکھنے کی کوشش میں کبھی کبھی صحافیوں کو اپنی جان و مال سے بھی ہاتھ دھونا پڑتا ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایاکہ میڈیا سینٹر علی گڑھ نے وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان میں صحافیوں کے تحفظ کے لئے نہ صرف الگ سے قانون بنایا جائے بلکہ اس کا زود اثر طور پر نفاذ بھی یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ پارلیامنٹ میں صحافیوں کے تحفظ کے لئے قانون جلد سے جلد پاس کراکے ملک میں نافذ کرائیں جس کے تحت صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین پر کوریج کے دوران ہونے والے حملہ کو خصوصی قانون کے تحت درج کیا جائے، صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کو کوریج کرنے سے روکنے کو سرکاری کام میں رکاوٹ کے طور پر دیکھا جائے۔صحافیوں اورمیڈیا اراکین پر درج ہونے والے معاملات کی پہلے اسپیشل سیل کے تحت جانچ کرائی جائے اور معاملہ کی تصدیق ہونے پر کیس درج کیا جائے، صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کی ہلاکت کو ریئریسٹ کرائم کے طور پر دیکھا جائے ساتھ ہی ایس آئی ٹی تشکیل دے کر جانچ کرائی جائے،صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کے کوریج کے دوران حادثہ یا موت کی صورت میں مفت بیمہ سہولت دی جائے،صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کو اپنی حفاظت کے لئے بندوق کا لائسنس اولین ترجیحات کے تحت جاری کیا جائے، سبھی صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کو کوریج کے لئے آمد و رفت میں نصف کرائے کا نظم ہو اور ریلوے میں سفر کے لئے جلد سے جلد ریزرویشن کا نظم کیا جائے،صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کے لئے ٹول ٹیکس میں چھوٹ دی جائے،اگرصحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کو دھمکیاں ملیں تو اس کی سماعت جلد سے جلد ہو اور انہیں تحفظ فراہم کرایاجائے، مرکزی اور صوبائی سطح پر’’ پترکارآرتھک سرکشا ندھی‘‘ اسکیم چلائی جائے،صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کے لئے سواستھ بیمہ یوجنا ہو جس طرح’’ کسان رن یوجنا ‘‘ ہے اسی طرح صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کے لئے بینکوں کے ذریعہ قرض اسکیم چلائی جائے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ اگر حکومت پارلیامنٹ سے صحافیوں اور دیگر میڈیا اراکین کے تحفظ کے لئے قانون پاس کراکے نافذ کرتی ہے تو نہ صرف صحافیوں کی جان و مال کو تحفظ ملے گا بلکہ ملک میں ایک نئی شفاف صحافیت کا آغاز ہوگا جو ہندوستان کی ترقی میں قابلِ ذکر تعاون پیش کرے گا۔