سعودی عرب اور امارات کا ویلیوایڈڈ ٹیکس لگانے کا فیصلہ

03:23PM Fri 29 Dec, 2017

دبئی: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے آئندہ سال 2018سے مختلف اشیاء پر 5فیصد ویلیوایڈڈ ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی گرتی ہوئے قیمت سے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیشِ نظر ملکی محصولات کو بڑھانے کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا منصوبہ تیار کیا ہے کہ جو آئندہ سال سے نافذالعمل ہوگا۔اگلے سال سے کھانے پینے کی اشیاء سمیت متعدد مصنوعات اور دیگر عوامی سہولیات و خدمات پر ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔ مجوزہ طور پر جن اشیا پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ ہوگا ان میں الیکٹرانک مصنوعات،خوراک، گیس،کپڑے،فون،پانی کی بوتل،بجلی بل،ریسٹورنٹ بکنگ سمیت متعدد دیگر ضروریات زندگی کی اشیا شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں نے تارکین وطن کے لیے فری ٹیکس لائف اسٹائل کا وعدہ کر رکھا تھا تاہم اب نئے ٹیکس کے نفاذ سے انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔