جامعہ میں مفکر اسلام پرہونے والے عالمی رابطہ ادب اسلامی کے سیمنار کی تیاریوں کی جائزہ میٹنگ

04:21PM Wed 3 Jan, 2018

بھٹکلیس نیوز / 03 جنوری، 18 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے احاطہ میں بعد نماز عصر عالمی رابطہ ادب اسلامی کے تحت مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی علمی و دعوتی اور دینی خدمات پرہونے والے کل ہند سیمینار کی ایک اہم انتظامی و جائزاتی نشست منعقد ہوئی جس میں بھٹکل و اطراف بھٹکل سے انجمن، تنظیم اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے عہدیداران اور اطراف بھٹکل کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران وعلماء کرام نے شرکت کی۔ سرپرست مجلس استقبالیہ و صدر جامعہ حضرت مولانا اقبال صاحب ملا ندوی کی صدارت میں ہونے والی اس نشست کا آغاز استاد جامعہ مولانا عبدالعلیم صاحب خطیب ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں صدر مجلس استقبالیہ و ناظم جامعہ ماسٹر شفیع صاحب شہ بندری نے افتتاحی کلمات میں مہمانوں کا استقبال کیا اور اس عظیم سیمنار کی میزبانی کی سعادت جامعہ کو حاصل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، مہتمم جامعہ اسلامیہ مولانا مقبول صاحب کوبٹے ندوی نے اجلاس کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی، کنوینر سیمینار مولانا الیاس صاحب ندوی استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل نے عالمی رابطہ ادب اسلامی کے تعارف و مقاصد کو بیان کرنے کے ساتھ جامعہ میں ہونے والے سیمینار و پیام انسانیت کے پروگرام و اجلاس عام کی تفصیلات حاضرین کے سامنے رکھی اور بتایا کہ ان شاء اللہ 4 /فروری 2018ء صبح گیارہ بجے جامعہ آباد کے احاطہ میں مینگلور سے کاروار تک کے سرکاری و غیر سرکاری تعلیم یافتہ غیر مسلم بھائیوں کے ساتھ پیام انسانیت کا خصوصی اجلاس ہوگا، جس میں ان کے لیے ظہرانے کا بھی نظم ہوگا۔اس سیمینار کی افتتاحی نشست ان شاء اللہ 4/ فروری 2018ء بعد نماز مغرب ہوگی، جس میں بھٹکل و آس پاس کے عوام و خواص کو شرکت کی اجازت ہوگی، اختتامی نشست ان شاء اللہ 6 فروری 2018ء ظہر سے قبل منعقد ہوگی، آخری دن بعد نماز عشاء مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے زیر اہتمام منعقدہونے والے کل ہند اسلامیات کے امتحانات کے تقسیم انعامات کا اجلاس عام شہر میں منعقد ہوگا۔ ان تمام پروگراموں کی صدارت صدر عالمی رابطہ ادب اسلامی جانشین مفکر اسلام و سرپرست جامعہ و صدر مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل حضرت مولانا سید محمد رابع صاحب حسنی ندوی دامت برکاتہم فرمائیں گے۔ اس سیمینار میں بڑی تعداد میں ملک و بیرون ملک سے اہم معروف و مشہور علمی و دینی اور دعوتی شخصیات و علماء کرام و دانشوران کی شرکت کی امید ہے۔ مشاورتی نشست کے اختتام پر صدر تنظیم جناب قاضیا مزمل صاحب و صدر انجمن جناب جوکاکو عبدالرحیم صاحب کے علاوہ بھٹکل و اطراف کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران نے اس سیمنار اور اجلاس کے لیے اپنے بھر تعاون کا یقین دلایا۔ صدر و کنوینر سیمینار و مہتمم جامعہ نے حاضرین سے اس سیمینار کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤوں کے اہتمام کی درخواست کی۔ بھٹکل میں منعقد ہونے والے اپنی نوعیت کے اس منفرد و تاریخی کل ہند سیمینار کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ خلیجی ملکوں اور بیرون بھٹکل مقیم بھٹکل و اطراف کے مسلمان بھی بڑی تعداد میں اس میں شریک ہوں گے۔ قبل مغرب صدر جامعہ و صدر اجلاس حضرت مولانا اقبال صاحب ملا ندوی کے دعائیہ کلمات پر نشست کا اختتام ہوا۔