بھٹکل میں سماجی دوری کی پاسداری کے ساتھ ادا ہوگی جمعہ کی نماز: دس سال سے کم عمر اور عمر رسیدہ افراد کو جمعہ میں آنے کی نہیں ہوگی اجازت: قاضی صاحبان
01:48PM Wed 10 Jun, 2020
بھٹکل: 10 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد عام لوگوں کو بھی نمازوں کو پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسی کے تحت بھٹکل میں قاضی صاحبان نے اعلان کیا ہے کہ اس ہفتہ جمعہ کی نماز سماجی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے تمام جمعہ مساجد میں اد کی جائے گی جس کے لیے 12:00 بجے کے آس پاس مسجدوں کو کھولا جائے گا۔
مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے قاضی صاحبان نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کے قانون پر عمل کرتے ہوئے جمعہ کی نماز میں دس سال سے کم عمر کے بچے اور عمر رسیدہ افراد کو آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے میڈیا کو بتایا کہ اس فیصلہ کی بنا پر خود قاضی جماعت المسلمین مولانا اقبال ملا صاحب ندوی نے کہا ہے کہ عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے وہ خود بھی جمعہ کی نماز ادا کرنے مسجد نہیں جائیں گے۔ مولانا نے کہا کہ نماز اور خطبہ کے لیے جتنا وقت دیا گیا ہے اسی وقت کے اندر ہی پوری کارروائی انجام دی جائے۔
قاضی صاحبان نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس فیصلہ پر عمل کریں اور سماجی دوری و دیگر قوانین کی پاسدرای کرتے ہوئے اپنی مسجدوں میں جمعہ ادا کریں۔