طلاق ثلاثہ یوپی الیکشن کاایجنڈا،مسلمانوں کاخدشہ درست نکلا
03:45PM Wed 9 Nov, 2016
اتر پردیش کا اگلا الیکشن خواتین کے احترام کے ایشو پر بھی لڑا جائے
ایس پی اوربی ایس پی تین طلاق پرحلف نامہ دے:امت شاہ
سون بھدر،(ایف او یس)
مسلم تنظیموں کی طرف سے باربارکہاجارہاتھاکہ طلاق ثلاثہ یوپی الیکشن کاایجنڈہ ہے ۔آج وہی بات سچ ہوتی دکھی جب اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں خواتین رائے دہندگا ن کو لبھانے کی قواعد میں بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے آج اپیل کی کہ اگلا الیکشن ترقی کے ساتھ ساتھ خواتین کے احترام کے معاملے پر بھی لڑا جائے۔شاہ نے یہاں پریورتن یاترا کے تیسرے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کو اس ملک میں مساوی حقوق ملنے چاہئیں ۔میں ماں کی طاقت کی اپیل کرنا چاہتا ہوں۔اترپردیش کا اگلا الیکشن ترقی کے ساتھ ساتھ، جرائم کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ خواتین کے احترام کے معاملے پر لڑا جائے۔انہوں نے تین طلاق کے معاملے پر ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس سے کہا کہ وہ حلف نامہ دیں کہ تین طلاق کے ساتھ ہیں یا نہیں۔سپریم کورٹ نے مودی حکومت سے پوچھاہے کہ اس ملک میں تین طلاق ہونا چاہئے یا نہیں۔مودی جی نے کہاہے کہ بی جے پی کی حکومت خواتین کے حقوق کے لیے پابند عہد ہے اور عورتوں کو ان کے حقوق ملیں گے۔شاہ نے کہا کہ ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس کو سانپ سونگھ گیا ہے، کوئی اس معاملے پر بولتا ہی نہیں ہے۔ہم نے تین طلاق کو ختم کرنے اور خواتین کے حقوق کی حفاظت، ان کے وقار کو لے کر اپنا رخ واضح طور پر رکھا ہے۔بی جے پی کا ایک ایک کارکن ماں کی طاقت کو بیدار کرے اور سمجھائے کہ مودی حکومت آپ کی ترقی، عزت اور حقوق کے لیے پابند عہد ہے۔