سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی کی وزیراعلی کمارا سوامی سے ملاقات
01:30PM Wed 5 Dec, 2018
سعودی عرب کے سفیر برائے ہند ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی نے کل بنگلورو میں وزیر اعلی ایچ ڈی کمارا سوامی سے ملاقات کی۔ ودھان سودھا میں وزیراعلی کے دفتر میں ہوئی اس ملاقات کے دوران کرناٹک کے سابق ریاستی وزیرآرروشن بیگ اور سرکاری افسران موجود تھے۔ اس موقع پر فریقین نے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف پہلوؤں پربات چیت کی۔ بنگلورو میں سعودی عرب کا قونصل خانہ قائم کرنے کی تجویز پر بھی گفتگو ہوئی۔
سابق وزیر آرروشن بیگ نے وزیراعلی ایچ ڈی کمارسوامی سے کہا کہ بنگلورو میں سعودی قونصل خانہ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک اور دیگر جنوبی ریاستوں سے بڑی تعداد میں لوگ فریضہ حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جاتے ہیں۔ تجارت اور ملازمت کیلئے بھی کثیر تعداد میں لوگ سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔ لہذا بنگلورو میں بھی سعودی عرب کا قونصل خانہ قائم ہوناچاہئے۔
دوسری جانب وزیراعلی ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا کہ اُن کی حکومت بنگلورو میں سعودی قونصلیٹ کے قیام کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرےگی۔