خطے میں امن اور ترقی کے خواستگار ،جہالت اور مفلسی کے خلاف مشترکہ اقدامات اٹھا نے کے خواہشمند /مودی 

03:07PM Sun 26 Feb, 2017

نئی دہلی۔(بھٹکلیس نیوز)کانپور ریل حادثے میں پاکستانی کو ملوث قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم ہند نے کہا کہ بھارت نے کبھی بھی پڑوسی ملک کا برا نہیں چاہا ،امن کی تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی ہیں ،پاکستانی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں بھارت آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے ۔ ہم خطے میں امن اور ترقی چاہتے ہیں اور غربت اور جہالت کے خلاف مشترکہ طور پر قمربستہ ہونا چاہتے ہیں ،بھارت کو کوئی نہ ڈرائے ،ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں کوئی آنکھیں دکھانے کی کوشش بھی نہ کریں ۔ذرائع کے مطابق اتر پردیش میں عوامی جلسے سے خطاب کرنے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کانپور ریل حادثے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں خون خرابہ کرانے ، عدم استحکام پھیلانے ،ہندوؤں ،مسلمانوں ،سکھوں اور عیسائیوں میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کیلئے پڑوسی ملک میں منصوبے بنائے جاتے ہیں اور کانپور ریل حادثے کی تاریں پاکستان کے ساتھ جڑ رہی ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عام شہریوں کو ہلاکتوں سے کس کو کیا ملا ،بھارت اس طرح کی کارروائیوں کی نہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ ایسے عناصر کو خبردار بھی کرنا چاہتا ہے کہ ہماری آنکھیں بھی کھلی ہیں اور معمولی حرکت کان محسوس بھی کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے پڑوسی ملک کا کبھی بھی برا نہیں چاہا ۔ حلف برداری کی تقریب سے لیکر دورہِ لاہور تک کب بھارت نے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی کوشش نہیں کی ،بدلے میں کیا ملا یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں کوئی بھارت کو ڈرائے دھمکائے نا،کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور کسی کے محبت کا بھی بھر پور جواب دینا بھی جانتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اگر اپنے ملک میں تبدیلی لائے ،جس ڈگر پر وہ جا رہا ہے وہ تباہی اور بربادی کا پیش خیمہ ہے اور بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان اس دلدل سے باہر نکل آئے ۔ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن اور ترقی کے خواستگار ہے ،جہالت اور مفلسی کے خلاف قدم سے قدم بڑھا کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔ پاک بھارت تعلقات تب ہی بہتر ہو سکتے ہیں جب دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پاکستان بھارت کی تجویزات پر عمل کریں ،پاکستان صرف ردعمل ظاہر کرے بھارت آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے ۔